مظفرآباد (مانند میڈٰیا) صدر مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی سے آزاد کشمیر کے تمام ڈسٹرکٹ اسپتالوں سمیت 11 بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے بستروں کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ کارڈیک یونٹس اور کیتھ لیبز قائم کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے بھمبر کے دورے کے دوران ڈسٹرکٹ ہسپتال بھمبر کے لیے 100 اضافی بستروں اور کیتھ لیب کی بحالی کا اعلان کیا۔ منصوبے کے اگلے مرحلے میں میرپور، کوٹلی، نیلم ویلی، باغ، راولاکوٹ سمیت آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع میں بھی ہسپتالوں کی استعداد بڑھانے اور جدید طبی سہولیات فراہم کرنے پر کام کیا جائے گا۔ چیف سیکریٹری آفس کے ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر بھر کے ہسپتالوں میں ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشینوں کی تنصیب کا عمل بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید طبی مشینری درآمد کی جاتی ہے ، جس کے باعث اس کی خریداری کے لیے کوٹیشن، ٹینڈرنگ اور دیگر ضروری مراحل مکمل کرنا ہوتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہسپتالوں کی ضروریات کے مطابق جدید طبی مشینری کی فراہمی ناگزیر ہے ، جس کے باعث بعض منصوبوں میں کچھ تاخیر ہوئی، تاہم رواں مالی سال کے اختتام سے قبل آزاد کشمیر کے ہسپتالوں میں جدید مشینری کی تنصیب کے ساتھ کیتھ لیبز اور کارڈیک یونٹس فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ مظفرآباد کے ہسپتالوں میں بھی ڈاکٹرز، سرجنز اور مختلف شعبوں کے ماہرین کی خدمات وفاقی سطح سے حاصل کی جا رہی ہیں، تاکہ ہسپتالوں کو مکمل طور پر فعال کیا جا سکے اور آزاد کشمیر کے ساتھ ہزارہ کے مریضوں کو بھی علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم ہوں۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں صحت کے شعبے کے ساتھ ساتھ تعلیم، ٹرانسپورٹ اور روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ہدایات پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو پانچ سالہ ورکنگ پلان مرتب کرنے اور ہر منصوبے کی تکمیل کے لیے ٹائم فریم مقرر کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے بھمبر کے دورے کے دوران پانچ سالہ ترقیاتی منصوبے اور مختلف منصوبوں کے لیے مقررہ ٹائم فریم سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ عوامی حلقوں نے آزاد کشمیر میں صحت سمیت دیگر شعبوں کے لیے اضافی وسائل، جدید طبی مشینری اور ترقیاتی منصوبوں کی فراہمی کا خیرمقدم کیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے خطے میں عوام کو صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔