اسلام آباد(مانند میڈیا) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ماہانہ معاشی آؤٹ لک رپورٹ میں ملکی معیشت کے اہم اشاریوں میں بہتری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ملکی معیشت پر اعتماد کا مظہر ہے۔جاری بیان میں  وزیراعظم نے کہا کہ جولائی اور اگست کے دوران ترسیلاتِ زر 6.3 ارب ڈالر سے بڑھ کر 7.3 ارب ڈالر ہوگئیں، جبکہ اگست میں ترسیلاتِ زر میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 16.5 فیصد اضافہ ہوا جو حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جو اپنی محنت کی کمائی وطن بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدی شعبے کی ترقی اور چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعتوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے برآمدات میں 4 فیصد اضافے کو بھی ملکی معیشت کے لیے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ معاشی استحکام کی جانب مثبت پیش رفت ہے۔ وزیراعظم کے مطابق جولائی اور اگست میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری میں 80.2 فیصد اضافہ ہوا، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کو موزوں ماحول فراہم کر رہی ہے تاکہ ملک میں معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 26.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جو معیشت کے بیرونی شعبے میں بہتری کی عکاسی کرتے ہیں۔ حکومت معاشی استحکام کے لیے اصلاحات اور مؤثر معاشی پالیسیوں پر عملدرآمد جاری رکھے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ بھی معاشی سرگرمیوں میں بہتری کی علامت ہے۔ جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 3.03 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ زرعی قرضوں میں اضافہ زرعی شعبے کی ترقی اور کسانوں کی مالی معاونت کے لیے اہم پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کی رجسٹریشن میں نمایاں اضافہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کا مظہر ہے۔ جولائی میں کمپنیوں کی رجسٹریشن 38.8 فیصد اضافے کے ساتھ 10 ہزار 199 ہوگئی۔ وزیراعظم نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں اضافے کو بھی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کی عکاسی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت معیشت کے تمام شعبوں میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے معاشی نمو کو مزید مستحکم کرے گی۔محمد شہباز شریف نے کہا کہ معاشی استحکام کے ثمرات عوام تک پہنچانے اور روزگار و کاروبار کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور پائیدار معیشت بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے