لاہور (مانند میڈیا)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرعلی حسام اصغرنے کہا ہے کہ لاہور چیمبر صنعت، تجارت اور معیشت کی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گا، تاہم ان مقاصد کے حصول کیلئے حکومت کی بھرپور معاونت اور تعاون ناگزیر ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں سابق میئر لاہورخواجہ احمد حسان سے ملاقات کے دوران کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر سردار عثمان غنی اور نائب صدرخادم حسین چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ایگزیکٹو کمیٹی ممبران مردان علی زیدی، عظمت شاہ، علی رضا چودھری، محمد علی اور زمان نصیب، سابق نائب صدر شاہد نذیر چودھری اور خواجہ شاہ زیب اکرم بھی موجود تھے۔علی حسام اصغر نے کہا کہ کاروباری برادری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستھرا پنجاب ویژن کی مکمل حمایت کرتی ہے اور صوبے میں صفائی، گورننس اور عوامی سہولیات کی بہتری کیلئے ان کی کوششوں کو سراہتی ہے۔سینئر نائب صدرسردار عثمان غنی نے پنجاب میں جاری ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب تیزی سے عالمی سطح پر پاکستان کی ایک نمایاں شناخت بن رہا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر علی حسام اصغر نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے امن و امان کے قیام کیلئے کی جانے والی کوششوں کو بھی قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے امن، استحکام اور قانون کی حکمرانی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دبئی کا ایک عالمی کاروباری مرکز کے طور پر ابھرنا بھی مؤثر نظامِ قانون و امن اور قانون کی حکمرانی سے منسلک ہے۔علی حسام اصغر نے کہا کہ ہم خوشحالی کے سفر میں حکومت کے شراکت دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار اور تاجر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے کردار کو مؤثر بنانے کیلئے کاروبار دوست پالیسی ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ایسی پالیسیوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے جو صنعتکاروں اور تاجروں کو خوف و ہراس کے بجائے دوستانہ، محفوظ اور سہولت بخش ماحول فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری، پیداوار اور روزگار کے فروغ کیلئے کاروباری طبقے کو اعتماد، استحکام اور مستقل و قابلِ پیش گوئی پالیسیوں کی ضرورت ہے۔سینئر نائب صدرسردار عثمان غنی نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پائیدار معاشی ترقی کی کلید ہے۔ حکومت اور نجی شعبے کو مشترکہ معاشی اہداف کے حصول کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔نائب صدرخادم حسین چودھری نے کہا کہ کاروباری برادری ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی، سرمایہ کاری میں اضافہ اور صنعت و تجارت کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے