میرپور ماتھیلو (مانند میڈٰیا) ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد نے گھوٹکی شہر کا دورہ کرتے ہوئے سڑکوں سے تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا، مختلف سرکاری اسکولوں، پبلک لائبریری اور پبلک پارک کا بھی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد نے مختیارکار گھوٹکی شاہد حسین دایو کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں اور اہم سڑکوں کا دورہ کیا اور تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے حوالے سے متعلقہ افسران سے بریفنگ لی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہر کی سڑکوں اور عوامی مقامات پر تجاوزات کے باعث عام شہریوں، بالخصوص طلبہ اور خواتین کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کو مستقل بنیادوں پر کامیاب بنانے کے لیے شہریوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے ، لہٰذا عوام کو چاہیے کہ وہ تجاوزات کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے سی ایم او قمر زمان انڈڑ کو ہدایت کی کہ تجاوزات سے واگزار کرائی گئی جگہوں کے مستقل تحفظ کے لیے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے ، تاکہ مستقبل میں دوبارہ تجاوزات کے امکانات کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے بالخصوص سرکاری اسکولوں کے باہر شجرکاری اور ماحول کو بہتر بنانے کے لیے بھی ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے پبلک پارک اور پبلک لائبریری کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سی ایم او کو ہدایت کی کہ پبلک پارک میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ پارک کی خوبصورتی اور عوامی سہولیات کو بہتر بنایا جائے ، جبکہ پبلک لائبریری کو فعال بنانے کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہر کے طلبہ اور مطالعے میں دلچسپی رکھنے والے شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری اسکول، مین اردو پرائمری اسکول اور گرلز اسکول کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسکولوں کے تعلیمی اور انتظامی امور کا جائزہ لیا اور طلبہ میں قلم تقسیم کیے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی نے پریس کلب گھوٹکی کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے میں بھی شرکت کی، جہاں صحافیوں کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا