پشاور(مانند میڈیا)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی اولین ترجیح عوام کی فلاح و بہبود، ان کے جان و مال کا تحفظ اور بنیادی مسائل کا حل ہونا چاہیے۔ ملک کو درپیش سیاسی بحران، تشویشناک امن و امان کی صورتحال اور بدترین معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے حکومتوں کو سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا محض سیاسی پوائنٹ سکورنگ اور باہمی محاذ آرائی سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی بحران کا پائیدار حل باہمی مشاورت، گفت و شنید اور سیاسی قوتوں کے درمیان بامقصد مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل تنگی کے یونین کونسل مرزا ڈھیرمیںشمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے سرکردہ کارکنوںمحمد نذیر، عثمان اللہ،انعام اللہ،محمد کامل،عمیر خان،اکرام خان،قیصر خان،محمد رضوان،عامر خان،راحت شاہ باچا،تلاوت شاہ باچا،شہریاز خان،اورنگزیب باچا،عادل شاہ اور ودود شاہ نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سکندرشیرپائو نے کہا کہ خیبر پختونخوا پہلے ہی پسماندگی، غربت اور معاشی مشکلات کا شکار ہے جبکہ امن و امان کی بگڑتی صورتحال نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ دہشت گردی، مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور معاشی بدحالی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ صوبے کے عوام ایک طرف اپنے جان و مال کے تحفظ کیلئے فکرمند ہیں تو دوسری جانب بڑھتی ہوئی مہنگائی اور روزگار کے محدود مواقعوں نے ان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران امن کے قیام اور ملک کی سلامتی کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں لیکن افسوس کہ ان قربانیوں کے باوجود صوبے کے مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام، پائیدار امن اور معاشی ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیںاس لیے تمام سیاسی قوتوں کو ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہوکر عوام اور خیبر پختونخوا کے وسیع تر مفاد میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔اجتماع سے قومی وطن پارٹی کے ضلعی اور مقامی عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔