اسلام آباد(مانند میڈیا) پاکستان نے لندن میں سی ٹی او ڈیجیٹل ایکسیلنس ایوارڈز 2026 میں تین اعزازات اپنے نام کر لیے۔ پاکستان نے کامن ویلتھ ٹیلی کمیونیکیشن آرگنائزیشن (CTO) کی تاریخ ساز 125ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں لندن میں منعقدہ "سی ٹی او ڈیجیٹل ایکسیلنس ایوارڈز 2026” میں تین اہم اعزازات حاصل کیے ہیں۔ یہ کامیابی ڈیجیٹل پالیسی، جدت طرازی، عوامی خدمات کی فراہمی اور ٹیلی کمیونیکیشن گورننس میں پاکستان کی پیشرفت کا بین الاقوامی سطح پر ایک اہم اعتراف ہے۔   پاکستان نے "نیشنل انکیوبیشن سینٹرز کا قیام” کے منصوبے پر ڈیجیٹل پالیسی اینڈ ریگولیٹری ایکسیلنس کیٹیگری میں فاتح (Winner) کا ایوارڈ حاصل کیا۔ اس اقدام کے تحت ملک بھر میں انکیوبیشن پلیٹ فارمز کا ایک نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے جو رہنمائی، تکنیکی معاونت، بزنس ڈیولپمنٹ سروسز اور سرمایہ کاروں تک رسائی کے ذریعے نوجوان موجدین اور کاروباری افراد کو اپنے خیالات کو قابل عمل کاروبار میں بدلنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔   پاکستان نے "ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ذریعے حکومتی امداد کی فراہمی میں انقلابی تبدیلی” کے منصوبے پر 21سٹ سنچری گورنمنٹ/ایـگورنمنٹ انیشی ایٹوز ایکسیلنس کیٹیگری میں رنر اپ (سلور میڈل) بھی حاصل کیا۔ یہ منصوبہ اس بات کا مظاہرہ کرتا ہے کہ کس طرح ڈیجیٹل سسٹمز شفافیت، کارکردگی، ہدف بندی اور جوابدہی کو بہتر بنا کر حکومتی امداد کی فراہمی کو مضبوط بنا سکتے ہیں، جبکہ امداد تک تیز تر اور بلا تفریق رسائی کو ممکن بناتے ہیں۔   علاوہ ازیں، "انٹیگریٹڈ سپیکٹرم گورننس ریفارم” کے منصوبے کو ڈیجیٹل پالیسی اینڈ ریگولیٹری ایکسیلنس کیٹیگری میں فائنلسٹ (برونز میڈل) نامزد کیا گیا۔ یہ اصلاحات سپیکٹرم مینجمنٹ کے لیے ایک زیادہ مربوط اور ثبوت پر مبنی طریقہ کار متعارف کراتی ہیں، جس کا مقصد کنیکٹیویٹی اور سروس کے معیار کو بہتر بنانا، اگلی نسل کی ٹیلی کمیونیکیشنز کو سپورٹ کرنا اور ڈیجیٹل معیشت میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو آسان بنانا ہے۔   پاکستان کی یہ کامیابی اس لحاظ سے خاص طور پر اہم ہے کہ پاکستان کامن ویلتھ کے 56 رکن ممالک میں سے واحد سی ٹی او ممبر سٹیٹ تھا جس کی تینوں اینٹریز فائنلسٹ کے طور پر نامزد ہوئیں اور دو بڑی ایوارڈ کیٹیگریز میں تینوں کو پذیرائی ملی۔   اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے *وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن محترمہ شزہ فاطمہ خواجہ* نے کہا: "سی ٹی او ڈیجیٹل ایکسیلنس ایوارڈز میں تینوں اقدامات پر پاکستان کا اعتراف پورے ملک کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔ یہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ‘ڈیجیٹل پاکستان’ کے ویژن کو آگے بڑھانے میں ملک بھر کے اداروں کی لگن اور محنت کی عکاسی کرتا ہے ، جو کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار، جدید اور سب کے لیے شاملِ حال ہے۔” انہوں نے مزید کہاکہ ہماری توجہ ٹیکنالوجی کو اپنے نوجوانوں کے لیے معنی خیز مواقع، شہریوں کے لیے آسان تر عوامی خدمات، بہتر کنیکٹیویٹی اور ایک زیادہ مسابقتی ڈیجیٹل معیشت میں ڈھالنے پر مرکوز ہے۔ یہ اعزازات اس بات کی توثیق کرتے ہیں کہ پاکستان کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو تقویت مل رہی ہے اور عالمی سطح پر ہماری کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے۔”   سی ٹی او ڈیجیٹل ایکسیلنس ایوارڈز ان شاندار ڈیجیٹل اقدامات کا اعتراف کرتے ہیں جو ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو آگے بڑھانے میں قابلِ پیمائش اثرات، جدت اور قیادت کا مظاہرہ کرتے ہیں، جبکہ پورے کامن ویلتھ میں معلومات کے تبادلے اور شمولیت پر مبنی ڈیجیٹل ترقی کو فروغ دیتے ہیں۔  

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے