اسلام آباد (مانند میڈیا) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت آزاد جموں و کشمیر کے ترقیاتی ایجنڈے سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سماجی و اقتصادی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آزاد کشمیر میں سڑکوں کی بحالی سمیت مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ سماجی و اقتصادی شعبوں سے متعلق اقدامات کی پیش رفت بھی زیر بحث آئی۔ اجلاس کے دوران انتظامی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مالی وسائل کے مؤثر اور بہتر استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور وسائل کے مناسب استعمال سے طویل المدتی ترقی اور عوامی بہبود میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزاد کشمیر میں ترقیاتی اقدامات وزیراعظم پاکستان اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی ہدایات اور آزاد کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق آگے بڑھائے جائیں گے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹریز خزانہ اور امور کشمیر، سپیشل سیکرٹری خزانہ، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) آزاد کشمیر اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن کے جوائنٹ چیف اکانومسٹ نے شرکت کی