ہملٹن (مانند میڈیا) بحر اوقیانوس میں واقع جزیرہ برمودا سے امریکی ریاست میسا چوسٹس کے شہر بوسٹن جانے والا طیارہ (ائیرایمبولینس) لاپتہ ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق کینیڈین کمپنی کے گلف اسٹریم جی 100 میڈیکل جیٹ میں مریض سمیت 6 افراد سوار تھے۔ امریکی کوسٹ گارڈ میساچوسٹس کے ساحل اور نانٹکٹ کے سمندری علاقے میں لاپتہ طیارے کو تلاش کر رہے ہیں۔ ایک بڑے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں فضائی اور سمندری ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ طیارہ جزیرہ برمودا سے پرواز بھر کر بوسٹن ائیرپورٹ جارہا تھا، طیارہ طبی بنیادوں پر ایک مریض کو منتقل کر رہا تھا۔ امریکی وقت کے مطابق رات تقریبا 2 بجے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا اس سے رابطہ منقطع ہوا۔ واضح رہے کہ برمودا شمالی بحر اوقیانوس میں واقع برطانیہ کے زیرِ انتظام ایک علاقہ ہے ، جو امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا سے تقریبا 650 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس فضائی علاقے میں اس سے قبل بھی کئی طیارے لاپتا ہو چکے ہیں۔