اسلام آباد(مانند میڈٰیا) وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی پالیسی صوبے میں دہشت گردی کے پھیلاؤ کی حوصلہ افزائی کرتی ہے اور دہشت گردی پر پی ٹی آئی کا بیانیہ براہِ راست دہشت گردوں کے حق میں ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما سلمان اکرم راجہ کے ٹویٹ کا سخت جواب دیتے ہوئے   وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں کی ایک پالیسی ہے کہ دہشتگردوں کو کیسے پروان چڑھانا ہے۔ فائدے آپ پاکستان سے لیتے ہیں اور حمایت آپ افغانستان کی کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا تمام جماعتوں سے مشاورت کا پرانا عذر 3سال میں اپنی افادیت کھو چکا ہے۔ وفاقی حکومت نے تجاویز دیں لیکن پی ٹی آئی نے کوئی جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کے سیاسی طور پر کمزور ہونے کے بعد اب مشترکہ لائحہ عمل کی بات کی جا رہی ہے ، جبکہ صوبائی حکومت کی پالیسی دہشتگردی کے پھیلائو کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ دہشتگردی کے معاملے پر پی ٹی آئی کا بیانیہ دہشتگردوں کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا دہشتگردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ خیبرپختونخوا حکومت وفاقی اپیکس کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت کیوں نہیں کرتی اور اپنی اپیکس کمیٹی کے اجلاس کیوں نہیں بلاتی؟ انہوں نے سوالات اٹھائے کہ خیبرپختونخوا کابینہ پاکستان میں دہشتگردی کی مذمت کیوں نہیں کرتی؟ صوبائی حکومت نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا؟ عطا تارڑ نے پی ٹی آئی قیادت سے سوال کیا کہ وہ شہدا کے جنازوں میں شرکت کیوں نہیں کرتی اور سکیورٹی فورسز سے اظہار یکجہتی کے لیے چوکیوں کا دورہ کیوں نہیں کیا جاتا؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ترجیح صرف قیدی کو رہا کروانا ہے۔ ہمیں اندازہ تھا کہ یہ اپنی بات سے پھر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے دوہرا معیار ترک کرنے کو تیار نہیں۔ ہم کسی کو امن و امان خراب نہیں کرنے دیں گے ، مکمل بندوبست کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی رہنما پاک افغان سرحد پر سکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ کتنی بار شانہ بشانہ کھڑے ہوئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دبا ئومیں آکر مشاورت اور مشترکہ اقدامات کی بات کرنا پی ٹی آئی کی پرانی حکمت عملی ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ ہونے کے باعث خیبرپختونخوا میں دہشتگردی بڑھی اور دہشتگردی نے معیشت کو تباہ کیا، جس کی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے۔ انہوں نے اجتماعی مشاورت اور جرگوں کے بیانیے کو تاخیری حربوں کے سوا کچھ نہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست اب پرانی بیان بازی کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا تھا کہ حکومت چاہتی تھی خیبر پختونخوا حکومت وفاق اور اس کے اداروں کے صوبے میں دہشتگردی کے خلاف جاری تمام آپریشنز اور ایمرجنسی کے نفاذ کی تائید کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا حکومت کے پیش کردہ لائحہ عمل سے متفق نہیں تھی۔ جس کی وجہ سے مذاکرات ناکام ہوئے۔ پی ٹی آئی نے ہمیشہ اندھے آپریشنز کی مخالفت کی ہے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے