لاہور (مانند میڈیا) الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز، الخدمت اسکولز، آغوش ہومز اور الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام سے وابستہ بچوں نے اپنے اساتذہ کے لیے محبت اور تشکر کے جذبات کا اظہار کیا۔ بچوں نے اس موقع پر خوبصورت کارڈز بنائے، اساتذہ کا شکریہ ادا کیا، نظمیں پیش کیں اور کیک کاٹا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے کہا کہ عالمی یوم اساتذہ منانے کا مقصد بچوں اور اساتذہ کے درمیان محبت، احترام اور اعتماد کے خوبصورت رشتے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ استاد معاشرے کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور اس کی تربیت و رہنمائی ہی سے ایک ذمہ دار اور باکردار نسل پروان چڑھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ استاد صرف کتابوں کا علم منتقل نہیں کرتا بلکہ بچوں کو زندگی کے نشیب و فراز کا سامنا کرنے، درست فیصلے کرنے اور معاشرے کے لیے مفید فرد بننے کی تربیت بھی دیتا ہے۔ ایک اچھا استاد اپنے شاگردوں کے اندر موجود صلاحیتوں کو پہچان کر انہیں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے۔ سید وقاص جعفری نے کہا کہ استاد وہ چراغ ہے جو خود جل کر دوسروں کے مستقبل کو روشن کرتا ہے، استاد بادشاہ نہیں ہوتا لیکن بادشاہ بنا دیتا ہے۔ قوموں کی ترقی میں اساتذہ کا کردار کسی بھی دوسرے شعبے سے کم نہیں، کیونکہ آج کے طالب علم ہی کل کے ڈاکٹر، انجینئر، سائنس دان، اساتذہ اور رہنما بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سیلاب کے دوران بچوں کو بچانے کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے الخدمت کے شہید رضاکار ٹیچر ظہور الرحمن سمیت ملک و قوم کے لیے خدمات انجام دینے والے تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ایسے اساتذہ اور تعلیمی خدمت گار ہمارے لیے عزم، قربانی اور فرض شناسی کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو معاشرے میں ان کا جائز مقام اور احترام دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی اخلاقی و ذہنی تربیت پر توجہ دینا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی بنیاد معیاری تعلیم اور بہترین تربیت پر ہی رکھی جا سکتی ہے۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے