ریاض (مانند میڈیا) سعودی فوجی اتحاد نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں خصوصی آپریشن کی تیاری کر لی۔ یمن میں عرب مشترکہ فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ عرب مشترکہ فورسز یمنی دارالحکومت صنعا میں ٹارگٹڈ حملے کرنے جا رہی ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق ترکی المالکی نے کہا کہ مشترکہ فورسز صنعا میں یمنی آئل کمپنی اور الصباحہ سنٹرل اسٹیشن کو نشانہ بنائے گی۔ صنعا کے شہری اپنی سلامتی کے لیے ان علاقوں سے فوری انخلا کر جائیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحادی فوج کے ترجمان نے 13اکتوبر کو بتایا کہ صنعا میں مجوزہ خصوصی آپریشن سے پہلے متعلقہ مقام پر موجود شہریوں کو انخلا کی ہدایت جاری کی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کے دوران یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر ڈرون اور بیلسٹک میزائل حملے کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ دوسری جانب حوثی فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے خبردار کیا ہے کہ صنعا پر کسی بھی حملے کا جواب سعودی دارالحکومت ریاض میں سخت اور دردناک کارروائی کی صورت میں دیا جائے گا۔