اسلام آباد (مانند میڈیا) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اسلام آباد میں دربارِ عالیہ گولڑہ شریف میں منعقدہ بین الاقوامی ختمِ نبوت ۖ کانفرنس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس میں علما کرام، مشائخ عظام اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ختمِ نبوت ۖ کانفرنس کا انعقاد نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ۖ سے گہری محبت اور عقیدت کا مظہر ہے۔ ہم سب حضور اکرم ۖ کے غلام اور عقیدت مند ہیں، جبکہ عقیدہ ختمِ نبوت ہماری دینی شناخت ہے اور اسی عقیدے سے ہمارا ایمان مکمل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت آدم علیہ السلام سے شروع ہونے والا سلسلہ نبوت حضرت محمد مصطفیٰ ۖ پر ختم ہوا، جو خاتم النبیین ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو نے عقیدہ ختمِ نبوت کے حوالے سے قانون سازی کی۔ ان کے دور میں قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا، شراب پر پابندی عائد کی گئی اور پہلی اسلامی سربراہی کانفرنس کا انعقاد بھی اسی دور میں ہوا۔انہوں نے کہا کہ اسلام محبت، بھائی چارے اور امن کا درس دیتا ہے، جبکہ علما کرام امن کے داعی ہیں۔ موجودہ حالات میں اتحاد، برداشت اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دربارِ عالیہ گولڑہ شریف روحانیت کا عظیم مرکز ہے اور انہیں اس سے گہری عقیدت و احترام ہے۔سردار سلیم حیدر خان نے پیر مہر علی شاہ کی دینی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے اس حوالے سے پیر مہر علی شاہ اور ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختمِ نبوت کے تحفظ کے لیے ان کی کوششیں تاریخی اہمیت کی حامل ہیں