اسلام آباد (مانند میڈیا) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے لرنر پرمٹ، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے اجرا کی سہولت آن لائن فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر کے مطابق آن لائن سہولتیں اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ویب پورٹل پر دستیاب ہوں گی۔ سی ٹی او کے مطابق 19 اکتوبر سے ٹریفک ہیڈ کوارٹرز اور پولیس خدمت مراکز پر یہ سہولتیں دستیاب نہیں ہوں گی۔ کائنات اظہر نے بتایا کہ تجدید شدہ اور ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس شہریوں کو کوریٔر کے ذریعے ان کے گھروں پر پہنچائے جائیں گے۔ چیف ٹریفک آفیسر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ آن لائن درخواست جمع کرواتے وقت اپنا مکمل نام، درست رہائشی پتہ اور فعال موبائل نمبر لازمی درج کریں تاکہ لائسنس کی ترسیل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ درخواست میں غلط یا نامکمل پتہ فراہم کرنے کی صورت میں تجدید شدہ یا ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس گھر پہنچنے میں تاخیر ہوسکتی ہے۔