اسلام آباد (مانند میڈٰیا): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لائیوسٹاک کے شعبے میں جاری اصلاحات کو تیز کرنے اور اس کی برآمدات میں اضافے کے لیے لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ میں نجی شعبے کے ماہرین کو شامل کرکے اسے ایک مؤثر اور فعال ادارے میں تبدیل کیا جائے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت پیر کو لائیوسٹاک کے شعبے میں جاری اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں شعبے کی ترقی، برآمدات بڑھانے اور متعلقہ اداروں کی استعداد بہتر بنانے کے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ کی تنظیم نو کا منصوبہ جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی کے لیے نجی شعبے کو آگے بڑھنا چاہیے اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ بورڈ 2007 میں پاکستان میں مویشیوں کی افزائش، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافے اور لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے لائیوسٹاک کے لیے مخصوص بونڈڈ ویٔر ہاؤسز میں لائے جانے والے درآمدی مویشیوں کو ویلیو ایڈیشن کے عمل میں شامل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ درآمد شدہ مویشیوں سے گوشت اور دودھ کی مصنوعات تیار کرکے برآمد کی جائیں، تاکہ اس شعبے کی برآمدی صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکے۔ اجلاس میں مویشیوں کے لیے جدید اور مؤثر ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے وسائل سے مویشیوں کی ویکسین کی پیداوار کے لیے قومی سطح کا پلانٹ قائم کرے گی۔ انہوں نے نیشنل ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر میں ویکسین پلانٹ کے قیام کے حوالے سے حکمت عملی ایک ہفتے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں مویشیوں کے لیے دستیاب ویکسین ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) سے منظور شدہ نہیں، جس کے باعث مویشیوں کے لیے پیوریفائیڈ ویکسین کی مقامی پیداوار کے حوالے سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مذبح خانوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا عمل شروع ہو چکا ہے، جبکہ درآمد کیے جانے والے مویشیوں کے لیے خصوصی بونڈڈ ویٔر ہاؤسز کے قیام کے سلسلے میں بھی اقدامات جاری ہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، احد خان چیمہ اور جام کمال خان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی سمیت متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی