لاہور (مانند میڈیا)محکمہ داخلہ پنجاب میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کی سٹیئرنگ کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس میں اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کے تسلسل اور کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، چیف ایگزیکٹو آفیسر سنٹر برائے انسدادِ دہشت گردی غلام صغیر شاہد، ڈائریکٹر جنرل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سید قاسم افضل، ہیڈ ٹرانزیکشن بینک آف پنجاب شرجیل رضا خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب چیریٹیز کمیشن کرنل شہزاد امیر، ایڈیشنل سیکرٹری سپیشل انیشیئٹو نشا اشتیاق، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی جویریہ مقبول، ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی طارق ولایت، ایس ایس پی سپیشل برانچ صاحبزادہ عمر بلال، ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کامران افضل، ڈپٹی سیکرٹری فنانس سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوری 2026ء سے اب تک پروگرام کے تحت امام مسجد صاحبان کو ساڑھے 14 ارب روپے کی خطیر رقم بطور اعزازیہ باعزت اور آسان طریقے سے فراہم کی جا چکی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں 76 ہزار سے زائد مساجد کی رجسٹریشن مکمل کر لی ہے جبکہ فیلڈ انتظامیہ کی مدد سے مساجد کی جیو ٹیگنگ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اجلاس میں بینک آف پنجاب اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو آن لائن اپلیکیشن سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومتِ پنجاب اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کے تحت ہر سال 20 ارب روپے سے زائد اعزازیہ فراہم کر رہی ہے۔ ان شاء اللہ اس پروگرام کے مثبت اثرات ہماری نسلوں تک حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی مساجد کی رجسٹریشن ایک بڑا چیلنج تھا جسے محکمہ داخلہ پنجاب نے احسن طریقے سے مکمل کیا۔ اس پورے عمل کو پای? تکمیل تک پہنچانے والے تمام متعلقہ محکمے اور افسران شاباش کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امام مسجد صاحبان منبر و محراب کے ذریعے معاشرے میں قیامِ امن، رواداری اور مثبت معاشرتی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ اعزازیہ پروگرام برائے امام مسجد صاحبان کی مکمل نگرانی کیساتھ آپریشنل معاملات کو دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعزازیہ کی فراہمی کے پورے نظام کو انتہائی شفاف اور آسان بنایا گیا ہے، جبکہ آن لائن پورٹل پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام مسجد صاحبان کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے سوالات کے بروقت جوابات کیلئے چیٹ بوٹ متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ انہیں ضروری معلومات اور راہنمائی کی بروقت فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ معزز امام مسجد صاحبان اپنے بینک اکاؤنٹس کے تسلسل کیلئے ہر 3 ماہ میں کم از کم ایک بار ٹرانزیکشن یقینی بنائیں تاکہ اعزازیہ کی فراہمی کا عمل بلاتعطل جاری رکھا جا سکے