اسلام آباد(مانند میڈیا)رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی(جولائی تا ستمبر) کے دوران وفاقی حکومت نے این ایف سی ایوارڈ کے تحت چاروں صوبوں کو مجموعی طور پر 1 ہزار 895 ارب روپے منتقل کئے، اس دوران پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا بجٹ سرپلس میں رہے جبکہ بلوچستان کو خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔وزارت خزانہ کی دستاویزات کے مطابق پہلی سہ ماہی میں وفاق کی جانب سے پنجاب کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت 942 ارب روپے منتقل کیے گئے، پنجاب کی مجموعی آمدن 1 ہزار 117 ارب روپے جبکہ اخراجات 784 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے، اس طرح پنجاب نے جولائی سے ستمبر کے دوران 333 ارب روپے کا بجٹ سرپلس دیا۔دستاویزات کے مطابق سندھ کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت 479 ارب روپے منتقل کیے گئے، صوبے کی مجموعی آمدن 690 ارب روپے اور اخراجات 509 ارب روپے رہے، جس کے نتیجے میں سندھ نے پہلی سہ ماہی کے دوران 180 ارب روپے کا سرپلس حاصل کیا۔اسی طرح خیبرپختونخوا کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت 314 ارب روپے فراہم کیے گئے، صوبے کی مجموعی آمدن 413 ارب روپے جبکہ اخراجات 311 ارب روپے ریکارڈ ہوئے، خیبرپختونخوا نے جولائی سے ستمبر کے دوران 102 ارب روپے کا بجٹ سرپلس دیا۔وزارت خزانہ کی دستاویزات کے مطابق بلوچستان کو پہلی سہ ماہی میں این ایف سی ایوارڈ کے تحت 158 ارب روپے منتقل کیے گئے، صوبے کی مجموعی آمدن 175 ارب روپے رہی جبکہ اخراجات 191 ارب روپے ریکارڈ کیے گئے۔اس طرح بلوچستان کو پہلی سہ ماہی کے دوران 16 ارب روپے کے بجٹ خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔وزارت خزانہ کے اعدادوشمار کے مطابق پہلی سہ ماہی میں پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا نے مجموعی طور پر بجٹ سرپلس ریکارڈ کیا، جبکہ بلوچستان کا بجٹ بیلنس خسارے میں رہا۔