اسلام آباد: (مانند نیوز)…نئے صوبوں کے قیام اور اس معاملے پر عوامی رائے جاننے کے لیے ملک گیر ریفرنڈم کی تجویز کے حوالے سے بڑھتی ہوئی سیاسی بحث کے دوران ایک دلچسپ پہلو سامنے آیا ہے کہ وفاقی وزرا کے بیانات میں بڑھتی ہوئی شدت کے باوجود متعلقہ وزارتوں کی سطح پر اب تک حکومت کی جانب سے ریفرنڈم کے لیے کوئی باضابطہ تجویز یا سرکاری اقدام شروع نہیں کیا گیا۔
حکومت کے باخبر ذرائع نے بتایا کہ اس وقت متعلقہ سرکاری محکموں، بشمول وزیراعظم آفس اور وزارتِ پارلیمانی امور، میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کرانے کی کوئی تحریری تجویز موجود نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اس عمل کو شروع کرنے کے لیے نہ تو کوئی باضابطہ قرارداد پیش کی گئی ہے اور نہ ہی کوئی سرکاری سمری یا تجویز شروع کی گئی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے کسی اجلاس میں بھی اس معاملے کو باضابطہ طور پر زیرِ غور نہیں لایا گیا۔
یہ بات اس لیے اہم ہے کہ وفاقی حکومت کے سینئر ارکان کی جانب سے ایسے بیانات سامنے آ رہے ہیں جن میں انہوں نے عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کے خیال کی کھل کر حمایت کی ہے اور اسے عوامی رائے معلوم کرنے کا ایک آئینی اور جمہوری طریقہ قرار دیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ابتدا میں ریفرنڈم کی تجویز پیش کی تھی اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ اضافی صوبے یا انتظامی یونٹ بنانے کے سوال پر عوامی رائے معلوم کی جانی چاہیے۔ اس کے بعد وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ریفرنڈم کو عوامی رائے جاننے کا ایک آئینی اور قانونی طریقۂ کار قرار دیا۔
حال ہی میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے اس سے بھی آگے بڑھ کر کہا کہ نئے صوبوں کے بارے میں ریفرنڈم ہوگا، تاہم انہوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ اس مقصد کے لیے اتحادی جماعتوں کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا کرنا ضروری ہے۔
تاہم سیاسی بیانات اور حکومت کے کسی حقیقی فیصلے کے درمیان فرق بدستور اہمیت رکھتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ پارلیمانی امور، جس کا کسی بھی مجوزہ پارلیمانی قرارداد یا قانون سازی کے عمل میں اہم کردار ہوگا، نے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی باضابطہ کارروائی شروع نہیں کی۔
کسی باضابطہ تجویز کی عدم موجودگی سے مجوزہ ریفرنڈم کے طریقۂ کار، وقت اور آئینی ڈھانچے کے حوالے سے بھی سوالات پیدا ہوتے ہیں، خاص طور پر اس صورت میں جب نئے صوبوں کا قیام خود آئینی طریقۂ کار پر عمل درآمد کا تقاضا کرتا ہے۔
اس کے باوجود یہ معاملہ بااثر سیاسی اور دیگر حلقوں میں خاصی اہمیت اختیار کرچکا ہے، جہاں ملک کے صوبائی ڈھانچے کی ازسرِنو تشکیل کے خیال پر بڑھتی ہوئی دلچسپی کے ساتھ بحث کی جارہی ہے۔اس بحث نے حکمران اتحاد کے اندر اختلافات کو بھی نمایاں کردیا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ کو تقسیم کرنے کی کسی بھی کوشش کی سخت مخالفت کی ہے۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس اقدام کے خلاف خبردار کرتے ہوئے اسے صوبے کی جبری تقسیم قرار دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ کسی بھی تبدیلی میں آئینی حیثیت اور سندھ اسمبلی کی قرارداد کا احترام کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کے لیے مشاورت کی حمایت کرتی رہی ہے۔ اس کے بعض سینئر رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ چھوٹے صوبے بنانے سے طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر ہوسکتی ہے۔
بظاہر یہ بحث حکومت کے باضابطہ نظام کے مقابلے میں سیاسی اور عوامی سطح پر زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔کہا جاتا ہے کہ بعض طاقتور حلقے اس مہم کو آگے بڑھانے کے لیے زور دے رہے ہیں۔