سوات(مانند نیوز) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے محکمہ زراعت کے دفتر امانکوٹ سوات میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ تحصیل بابوزئی، کبل اور بریکوٹ کے زمینداروں اور کسانوں میں 8874 بیگز گندم کے بیج تقسیم کئے۔ اس موقع پر مئیر تحصیل بابوزئی شاہد علی، اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی اصغر سورانی اور محکمہ زراعت کے افسران بھی موجود تھے۔ تقریب میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور گندم کے بیج وصول کئے۔ چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کے مطابق اگلے مرحلے میں کسانوں میں 25 ہزار روپے بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کے دوران انکا کہنا تھا کہ زمیندار اور کسان ہمارا قیمتی آثاثہ ہیں یہی وجہ ہے کہ آج خیبر پختونخوامیں زراعت کے شعبے میں انقلابی اقدامات ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور صوبائی وزیر زراعت محب اللہ خان کی محکمہ زراعت کی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہتے ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ وہ زمینداروں اور کسانوں کیلئے کسان دوست اقدامات کررہے ہیں۔ چیئرمین ڈیڈیک سوات نے کسانوں کو بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئیکہا کہ جب بھی آپ لوگوں کو کوئی مسلہ ہو تو ان سے براہ راست رابطہ کرسکتے ہیں تاکہ بروقت ان کے مسائل حل کئے جاسکیں۔ تقریب سے مئیر تحصیل بابوزئی شاہد علی، اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی اصغر سورانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔