سوات(مانند نیوز)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی خیبرپختونخوا کی جانب سے حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں غیر سند یافتہ ہنر مند افراد کو تربیت فراہم کرتے ہوئے سند یافتہ ہنرمند بنانے کے پروگرام کی اختتامی تقریب گورنمنٹ ٹیکنیکل وکیشنل سنٹر مینگورہ میں منعقد ہوئی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب میں کمشنر ملاکنڈ نے ہنرمند افراد کو سندیافتہ بناتے ہوئے ان کے لئے روزگار کے ذرائع کو مزید بڑھانے کے پروگرام کو سراہا اور کہنا تھا کہ اقوام عالم نے دنیا میں خود کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے ہنرمند افراد کا سہارا لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین جیسے ملک نے ہومین کیپیٹل پر توجہ مرکوز کی اور اج دنیا کے لئے معاشی ترقی کی ایک بہترین مثال بنی ہوئی ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ سوات ہنرمندی کے حوالے سے بھی ایک منفرد اہمیت رکھتا ہے، سوات میں کاریگروں کے ہنر نے سوات کے شال اور دیگر مصنوعات کو ہمیشہ نمایاں پہچان دی ہے اور یہی وجہ ہے کہ سوات کی مصنوعات کو خصوصی تحائف کے طور پر مہمانوں کو آج بھی پیش کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت خصوصاً وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان ٹیکنیکل ایجوکیشن پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں اور اس شعبے میں بہترین اقدامات ہورہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن پروگرامز کا مقصد نوجوانوں کو ہنرمند بناتے ہوئے ان کے لئے روزگار کے مواقع بڑھاتے ہوئے ملکی معاشی ترقی کے پہیے کو مزید تیز کرنا ہے۔ اختتامی تقریب میں سرٹیفکیٹ کورس کے شرکاء، اساتذہ، ماسٹر ٹریننز اور سوات چیمبر و کامرس اور سوات مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ شرکاء کو بریف کرتے ہوئے پرنسپل گورنمنٹ ٹیکنیکل وکیشنل سنٹر مینگورہ کے پرنسپل عمر زمان نے بتایا کہ سندیافتہ ہنرمند افراد پروگرام کے تحت چار مختلف شعبوں میں 108 غیر سندیافتہ ہنرمند افراد کو تربیت دے کر سند یافتہ بنایا گیا ہے۔