ڈیرہ (مانند نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان فخر KPK پولیس آفیسر ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب خان دہشتگردوں کے حملہ میں فرنٹ لائن پر مقابلہ کرنے اور دہشتگردوں کا حملہ پسپا کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔ دو روز قبل درازندہ سرکل میں گاؤں کھوئی بہارہ کے قریب ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب خان کے قافلے پر دہشتگردوں نے حملہ کر دیا تھا۔ حملہ کے بعد ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب خان کی قیادت میں دہشتگردوں کے خلاف سرچ آپریشن اور دہشتگردوں کو بھرپور جواب دینے پر پاک فوج‘خیبر پختونخواہ پولیس کے اعلیٰ افسران‘سول سوسائٹی‘ انڈسٹریلسٹس اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد نے ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب خان کی جوانمردی کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دو روز قبل پولیو مہم کی سیکورٹی کے جائزہ کے لیے جانے والے ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب خان کے قافلے پر نامعلوم سمت سے دہشتگردوں نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی۔ اس وقت ڈی پی او ڈیرہ اس قافلے میں موجود تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈی پی او ڈیرہ کے قافلے میں موجود گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم ڈی پی او حملے میں محفوظ رہے۔ حملے کے بعد ڈی پی او نے اپنی قیادت میں حملہ آوروں کے خلاف فوری طور پر آپریشن کرتے ہوئے دہشتگردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا اور علاقے کو گھیرے میں لیکر مختلف مقامات پر دہشتگردوں کا پیچھا کرتے ہوئے چھاپوں کا آغاز کر دیا۔ ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب کے اس اقدام کو پاک فوج‘پولیس‘ سول سوسائٹی اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد نے سراہتے ہوئے ان کی جوانمردی اور بلند حوصلے کو سراہا۔ اس ضمن میں ریجنل پولیس آفیسر محمد سلیم خان مروت نے ڈی پی او کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان سمیت تمام اسکواڈ کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا اور انہیں انعامات سے نوازا۔ خیبر پختونخواہ کے تمام افسران ڈی پی او ڈیرہ کی جوانمردی پر ان کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں جبکہ پاک فوج کے افسران نے بھی مختلف فورمز پر ڈی پی او ڈیرہ محمد شعیب خان کے عزم و ہمت کو سراہا ہے۔