پشاور(مانند نیوز)وزیر اعظم کے مشیر اور مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام نے جمعرات کو پشاور میں سوئی ناردرن گیس (ایس اینز جی پی ایل)، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن اور نادرا کے ریجنل ہیڈ آفسز کا دورہ کیا، ایس این جی پی ایل ریجنل ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر انھوں نے پشاور اور مردان ریجن کے حکام کو ہدایت کی کہ خیبر پختونخوا میں ایس این جی پی ایل کی تمام منظور شدہ ترقیاتی سکیموں پر کام فوری طور پر شروع کیا جائے کیونکہ وفاقی کابینہ نے ان سکیموں پر کام آگے بڑھانے کی منظوری دیدی ہے اور اب ضروری ہے کہ جس قدر جلد ممکن ہو سکے انکی تکمیل یقینی بنائی جائے۔ اس موقع پر انھیں ایس این جی پی ایل مردان اور پشاور ریجنز کے حکام نے متعلقہ ترقیاتی منصوبوں کی موجودہ پوزیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ گیس فراہمی سے متعلق عوامی مسائل کا ادراک اور وفاقی حکومت کی کوشش ہے کہ اس حوالے سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ انھوں نے حکام کو ہدایت کی کہ نئی گیس پائپ لائنز بچھانے، پرانی لائنز کی تبدیلی اور دیگر متعلقہ معاملات کو ترجیحات کا حصہ بنایا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ لو گیس پریشر اورگیس لوڈ شیدنگ سے متعلق صوبے کی عوام کی شکایات کے ازالے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ وزیراعظم کے مشیر نے یوٹیلیٹی سٹورز کے زونل آفس کے دورے کے موقع پر زونل آفس میں قائم یوٹیلیٹی سٹور کا بھی معائنہ کیا اور وہاں آٹے اور گھی کے حصول کیلئے منتظر خواتین و حضرات سے گفتگو بھی کی جنھوں نے آٹے اور گھی کی فراہمی میں تاخیر کی شکایات کیں۔ انجینئر امیر مقام نے اس امر پر برہمی کا اظہار کیا کہ لوگ صبح آٹھ بجے سے آٹے اور گھی کے حصول کیلئے سٹور کے باہر موجود ہیں لیکن انھیں کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ان اجناس کی فراہمی کا سلسلہ شروع نہیں کیا گیا۔ انھوں نے متعلقہ اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی روزانہ کی بنیاد پر مذکورہ اجناس کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ سٹور پر آنے والے لوگوں کو انتظار کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔ اس موقع پر انھوں نے صوبے میں یوٹیلیٹی سٹورز کے حوالے سے بریفنگ بھی لی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صوبے بھر میں ضرورت کے مطابق نہ صرف سٹورز کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے کام کیا جائے بلکہ موبائل یونٹس کو بھی زیادہ سے زیادہ فعال بنایا جائے تاکہ صوبے کی غریب عوام کو انکی دہلیز پر سستے آٹے اور دیگر اجناس کی فراہمی کا سلسلہ مزید بہتر ہو۔انجینئر امیر مقام نے نادرا ریجنل ہیڈکوارٹرز کے دورے کے موقع پر خیبر پختونخوا میں نادرا سنٹرز کی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ لی۔ انھوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی وہ نادرا سہولیات کی فراہمی میں صوبے کی عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت دینے اور عوامی شکایات کے ازالے پر خصوصی توجہ دیں۔ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں نئی گیس پائپ لائنز بچھانے کے حوالے سے بھی بات کی گئی۔