پشاور(مانند نیوز)گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی پشاور پریس کے نو منتخب صدر اور کابینہ کو مبارکباد دینے پشاور پریس کلب پہنچ گئے، کہتے ہیں پریس کلب کو ہمیشہ اپنا گھر اور صحافیوں کو اپنا بھائی سمجھا، قلم اور قلمکاروں کی قدر دل سے کرتا ہوں۔ گزشتہ روز گورنر حاجی غلام علی اچانک پشاور پریس کلب پہنچ گئے جہاں انہوں نے پشاور پریس کلب کے حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے صدر ارشد عزیز ملک، نائب صدر رضوان شیخ اور دیگر پوری کابینہ کو نہ صرف مبارکباد دی بلکہ پھولوں کے گلدستے دیے، ہار پہنائے اور مٹھائیاں کھلا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ گورنر کو اپنے ہمراہ دیکھ کر تمام سینیئر صحافیوں نے جہاں ماضی کے قصوں سے یادیں تازہ کیں، وہاں گورنر حاجی غلام علی کے ساتھ کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا بھی تذکرہ کیا۔ گورنر کا پریس کلب میں موجود تمام صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہنا تھا کہ اس کلب کو گھر اور صحافیوں کو اپنے بھائی سے کبھی کم نہیں سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی میں جتنا کردار کسی بھی ادارے اور شعبے کا ہے صحافت اور صحافیوں کا کردار بھی اتنا ہی اہم رہا ہے۔ ہم ہمیشہ سے آزادی صحافت کے قائل رہے ہیں، کیونکہ صحافی عوام کی آنکھ کان اور زبان ہیں جن سے انکار کیا ہی نہیں جا سکتا۔ گورنر نے سینیئر صحافی اور سابق صدر پریس کلب محمد ریاض کی جانب سے انکے گزشتہ دو سالوں میں کمیونٹی کے لیے اٹھائے گئے انقلابی فلاحی اقدامات پر انکو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ صحافی برادری کی مشکلات کے حل کے لیے مستقبل میں مل کر کام کرینگے۔ گورنر کی اچانک آمد اور عوامی انداز میں مبارکباد پر پریس کلب میں موجودہ منتخب کابینہ اور دیگر صحافیوں نے خوب سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔