پشاور(مانند نیوز)گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی کی مشیر وزیراعظم انجینئر امیر مقام سے ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات کی۔اس موقع پر صوبے کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے غیرسنجیدہ بیانات مرکزی حکومت کےخلاف بے جا پروپیگنڈہ اور صوبے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے پر اتفاق ہوا۔ انجنیئر امیر مقام نے بعد ازاں اپنی رہائشگاہ پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا اور عوام کے مسائل سنے اور صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگی اور اتحادی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقات کرنے والوں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نجم الدین خان، خیبر پختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر سردار محمد یوسف، ممبرصوبائی اسمبلی جمشید خان مومند، لکی مروت سے ناصر کمال خان اور ان کے بھائیوں سمیت کئی رہنماوں سے ملاقات کی اور حالیہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا جھوٹا چہرہ اب عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پورے ملک اور خیبر پختونخوا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان اور عہدیداران کو عوامی روابط تیز کرنے کی ہدایت کی۔