سوات(مانند نیوز) ملاکنڈ ڈویژن کو ڈرگ فری بنانے اور نشے میں مبتلا افراد کو ریحیب کرتے ہوئے معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے لئے اہم اجلاس کمشنر آفس سیدوشریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کی۔ ملاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سے ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے آفیسرز نے شرکت کی۔ اضلاع سے سوشل ویلفیئر آفیسرز نے ڈیٹوکس کے لئے موجود وسائل اور ڈرگ فری ملاکنڈ کے تحت اب تک کئے گئے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں اضلاع میں موجود سرکاری اور غیر سرکاری ریحیب سنٹرز کی تفصیل بھی پیش کی گئی اور ریحیب کے لئے موجود وسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کو ریفرل میکنزم بناتے ہوئے سوات کے لئے ایک ریحیب ماڈل ترتیب دینے کی ہدایت کی۔ کمشنر ملاکنڈ کا کہنا تھا کہ ڈیوژنل ریحیب ماڈل ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع کے لئے ایک ماڈل ہوگا۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے ڈپٹی کمشنرز کو ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے نشی مواد کی نقل و حمل روکنے کے لئے بھرپور اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں نت نئے ڈرگز کا رجحان بڑھ رہا ہے جس میں ائس نشہ سر فہرست ہے اور ایسے میں سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کا کہنا تھا کہ نشے میں مبتلا افراد کو ریحیب کرنے کے سلسلے میں نجی ریحیب سنٹرز اور افراد کا کردار قابل تحسین ہے اور سرکاری ریحیب سنٹرز کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری ریحیب سنٹرز کے استعداد کار کو بڑھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نشے میں مبتلا افراد کو ریحیب کرتے ہوئے ہنر سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ وہ معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں۔