پشاور(مانند نیوز)دارلکفالہ مردان کے سپرنٹنڈنٹ محمد اسماعیل ٹکر نے کہا ہے کہ ضلع مردان میں انسداد گداگری مہم زور و شور سے جاری ہے جس میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔مردان میں پیشہ ور بھکاریوں کی کثیر تعداد دوسرے شہروں سے یہاں آئی ہوئی ہے جو ٹریفک کی روانی میں بھی مشکلات کا باعث بن رہے ہیں، ہم نے ان پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا،انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق صوبے بھر کی ضلع مردان میں گداگروں کی بڑھتی تعداد کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے، گداگروں کے خلاف مقامی تھانوں میں ایف آئی آر درج کرنے کے بعد دارلکفالہ میں منتقل کر دیا جاتا ہے جہاں انہیں گداگری کی لت سے نکالنے کے لیے انکی تربیت کی جارہی ہیں،انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے شہریوں کی شکایت بھی سامنے آر ہی تھی زیادہ تر گداگر جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ دارلکفالہ میں تربیت کے ذریعے ان افراد کو گداگری کی بجائے باعزت پیشہ اختیار کرکے روزی کمانے کی ترغیب دی جارہی ہے شہری بھی اپنے طور پیشہ ور گداگروں کو اس برائی سے نکالنے کے لیے انکی حوصلہ شکنی کریں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ جرائم پیشہ گروہ بھی گداگروں کے بھیس میں جرائم کرتے ہیں۔اس لئے محکمہ کی جانب سے جاری آپریشن کے ذریعے نہ صرف گداگری کی حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ جرائم کی شرح بھی کم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مطمئن کرنے کے بعد گداگر یا بے گھر فرد دارلکفالہ چھوڑ سکتا ہے۔