پشاور(مانند نیوز)گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ صدیوں سے مقبوضہ کشمیرمیں جاری مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، مقبوضہ کشمیر ایک عالمی انسانی مسئلہ ہے جسے حل کئے بغیر امن ممکن نہیں. وہ اتوار کے روز وزیراعلٰی ہاؤس پشاور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے.تقریب میں نگران وزیراعلٰی اعظم خان، نگران صوبائی وزراء، سرکاری حکام، حریت کانفرنس کے رہنماؤں، سیاسی و سماجی شخصیات، طلباء و طالبات شریک تھے، پشاور میں امن و امان برقرار رکھنے کیخاطر ضلعی حکومت کیجانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کے باعث گورنر اور نگران وزیراعلٰی کی مشترکہ مشاورت سے ہر سال کی طرح امسال ریلی کے بجائے وزیر اعلٰی ہاؤس میں چاردیواری کے اندر تقریب کا انعقاد کیا گیا. گورنر نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیراعلٰی ہاؤس میں پروقار تقریب کے انعقاد پر نگران وزیراعلٰی اور نگران کابینہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلٰی ہاؤس کے سبزہ زار میں ہم سب کا اکٹھا ہونا مظلوم کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اپنی جانب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے، گورنر کاکہنا تھا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے مستقل حل اور بھارتی مظالم بند کروانے کیلئے سنجیدہ کردار ادا کرے. یہ صدی امن کی صدی ہے، نفرتوں، دشمنیوں کا خاتمہ کر کے محبتوں کو فروغ دینا ہوگا. کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی سفارتی، اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے.