وانا (مانند نیوز)ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ڈسٹرکٹ یوتھ آفس نے قبائلی ضلع لوئر جنوبی وزیرستان وانا میں یوم کشمیر منایا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی بھی نکالی۔ یوم کشمیر منانے میں ڈپٹی کمشنر لوئر جنوبی وزیرستان محمد ناصر، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر سردار علی وزیر اور ایجوکیشن آفیسر وانا اورنگزیب وزیر سمیت شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی سے نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد بھارت سمیت پوری دنیا پر واضح کرنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اکیلے نہیں، پوری پاکستانی قوم اور حکومت پاکستان مظلوم کشمیریوں کیساتھ کھڑی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی و خودمختاری تک عالمی سطح کے ہر فورم پر اُن کے حق کیلئے آواز اٹھاتے رہیں گے، قبائلی عمائدین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام گذشتہ 76 برس سے حق خودارادیت اور جدوجہد آزادی میں مصروف ہیں، اقوام متحدہ نے بھی مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں اور خواہشات کیمطابق حل کرنے کی قرارداد پاس کی ہے، بھارت نے نہ صرف اقوام متحدہ کی قرارداد کونظر انداز کر رکھا ہے بلکہ بھارت کی یہ ہٹ دھرمی خطہ میں امن کی بحالی میں بھی سب سے بڑی رکاوٹ ہے، بھارت نے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے 1948سے لیکر اب تک ہزاروں بے گناہ اور معصوم کشمیریوں کو شہید کیاہے، کشمیری عوام پہلے سے بھی مضبوط اعصاب کے ساتھ بھارتی ظلم وبربریت کامقابلہ کرتی آرہی ہے، بھارت نے سال2019 میں 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کی ایک اور بنیادی حق سے بھی محروم کردیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری نام نہاد جمہوریت کی دعویدار بھارت پر دباؤ ڈالے اور مسئلہ کشمیر کو مستقل بنیادوں پراقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق حل کیا جائے، کشمیری شہداء کاخون ضرور ایک دن رنگ لائے گا۔