صوابی (مانند نیوز)دہ حق آواز عوام کو واپڈا کے ظلم سے نجات کے ساتھ ساتھ ہر ظلم کے خلاف ڈٹ جانے والی تحریک ہے۔۔ صوابی پولیس جلد از جلد واپڈا افسران کے خلاف ہماری درخواست پر کاروائی کرے۔۔ مرکز سے ضلع صوابی کے لیے 300یونٹ فری بجلی اور خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے بلوں میں غیر ضروری ٹیکسز کے خاتمے کے مطالبات منوانے کے لیے دہ حق آواز بہت جلد تربیلا پاؤر ہاؤس کے سامنے دھرنا دے گی۔ ان خیالات کا اظہار دہ حق آواز کے بانی صدر احسان الحق بام خیلوی ۔ جنرل سیکرٹری طارق جان اور کابینہ ممبران عمر خان صوابی وال و کفایت اللہ خان آف خورونے یونین کونسل سلیم خان میں وہاں کے منتخب بلدیاتی چئیرمین عبد الوہاب کے فارم ہاؤس میں دہ حق آواز کے آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام کا انعقاد دہ حق آواز سلیم خان کے یوتھ رہنما احمد زکریا نے کیا تھا اس سے قبل منتخب بلدیاتی چئیرمین عبد الوہاب نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا انہوں نے کہا کہ ہم دہ حق آواز کے عوام کے لیے بے لوث خدمت کے جذبے کو سراہتے ہیں اور ہم دہ حق آواز کے شانہ بشانہ عوام کی خدمت کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائینگے۔ پروگرام سے اپنے خطاب میں دہ حق آواز کے رہنماؤں نے کہا کہ دہ حق آواز نہ کسی سے ووٹ مانگتی ہے نہ نوٹ۔ ہماری تحریک کے دروازے تمام سیاسی پارٹیوں اور ان کے ورکرز کے لیے کھلے ہیں۔ ہم صرف اور صرف عوام کے مشترکہ مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہم نے عوام کی ریلیف کے محکمہ واپڈا پیسکو کو اپنی جدوجہد کا محور بنایا ہے کیونکہ اوور بلنگ۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ۔ میٹر ریڈرز۔ بل عوام کو بروقت نہ پہنچنا۔ میٹر اور تار کے نام پر واپڈا اہلکاروں کی لوٹ مار عوام کے بڑے مسائل تھے جس کے حل کے لیے پہلی بار ہم نے ایک سال قبل آواز اٹھائی۔ کئی بار ضلعی انتظامیہ اور واپڈا افسران سے بات چیت کی۔ آٹھ بار مجبوراً روڈ بلاک کر کے احتجاج کیا آخر کار ڈی سی آفس ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی میں دہ حق آواز اور واپڈا کے مذاکرات کامیاب ہوئے اور ایک تحریری معاہدہ طے پایا جس میں واپڈا افسران نے لکھ کے دیا کہ آئندہ اوور بلنگ نہیں ہو گی۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم ہو گی۔ بل ڈیلیوری صحیح ہو گی۔ میٹر اور تار کے نام پر پیسے لینے کے پریکٹس کا خاتمہ ہو گا۔ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ایک تیز رفتار میکنزم بنایا جائے گا۔ واپڈا افسران نے تین ماہ تک معاہدہ کی پاسداری کے بعد دوبارہ خلاف ورزی شروع کی۔ دہ حق آواز نے اس پر فوری ردعمل دیا اور ایک احتجاجی مظاہرے کے بعد جلوس کی شکل میں صوابی پولیس سٹیشن گئے اور ضلع بھر کے چاروں ایکسئینز کے خلاف معاہدے کی خلاف ورزی پر FIRکی درخواست دی۔ مقررین نے مذید بتایا کہ ہم نے اپنی تحریک کی دوسری فیز کا بھی اعلان کیا ہے جس کے تحت ہم نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع صوابی براہِ راست تربیلا ڈیم سے متاثر ہے لہذا ہم کو 300یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جائے۔تربیلا ڈیم کی اربوں کی رائلٹی کو خیبر پختونخوا کے عوام کے بلوں میں ایڈجسٹ کیا جائے تاکہ ہمارے بلز کم ہوں۔خیبر پختونخوا میں میں بجلی پانی سے تیار ہوتی ہے لہذا ہمیں سرچارج سمیت تمام ٹیکسز میں چھوٹ دی جائے۔تربیلا ڈیم سے سارے خیبر پختونخوا کو بجلی فراہم کی جائے۔ان مطالبات کو منوانے کے لیے دہ حق آواز نے تربیلا پاؤر ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے جس کے لیے تیاریاں جاری ہیں انہوں نے دھمکی دی کہ اگر واپڈا حکام نے اب بھی ہوش کے ناخن نہیں لئے اور عوام کے مقامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی نہ دکھائی تو آئندہ احتجاج واپڈا آفس اور DC آفس کے اندر ہو گا اور خراب حالات کی تمام تر ذمہ داری واپڈا افسران پر ہو گی۔