اسلام آباد (مانند نیوز) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ضمنی مالیاتی بل 2023 قومی اسمبلی میں پیش کردیا۔قومی اسمبلی میں ضمنی مالیاتی بل2023 پیش کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ن لیگ کے گزشتہ دور میں جی ڈی پی میں 112 ارب ڈالر اضافہ ہوا. لیکن پی ٹی آئی دور میں جی ڈی پی میں صرف 26 ارب ڈالر کا اضافہ ہوسکا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ 2013 میں پاکستان میں فی کس آمدنی 1389 ڈالر تھی، پاکستان کی معیشت دنیا میں 24ویں نمبر پر آگئی تھی. پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا میں پہلے نمبر پر تھی۔ ان حالات میں پاکستان میں غیر سیاسی تبدیلی لائی گئی۔پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت آنے کے بعد ہم 24 ویں سے47ویں معیشت بن گئے، معاشی تنزلی وجوہات جاننے کے لئے قومی کمیشن تشکیل دیاجائے. موجودہ حکومت کو بیمار معیشت ورثےمیں ملی ہے، موجودہ حکومت معیشت کو مستحکم کررہی تھی کہ سیلاب آگیا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مختلف معاملات پر عمل درآمد کا عندیہ دیا ہے، بجلی کا گردشی قرضہ بڑھتا جارہا ہے، 3 ہزار ارب کے بجائے صرف 1600 ارب روپے وصول کیے جاتے ہیں، یہ کسی بھی معیشت کے لئے نقصان دہ ہے. ریاست اس کی متحمل نہیں ہوسکتی۔وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام کیلئےمشکل فیصلے ناگزیر ہیں،گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے بجٹ میں رقم مختص کی جائےگی۔ کابینہ نے 170ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگانےکی منظوری دی ہے. کوشش ہے ایسے ٹیکسز لگائے جائیں جن کا عوام پربوجھ نہ پڑے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ روزہ مرہ کی اشیاء پر ٹیکس نہیں لگایا گیا، لگژری آئٹمز پر سیلز ٹیکس 17 سے بڑھاکر 25 فیصد کردیا گیا. سگریٹ اور شوگری ڈرنکس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں اضافہ کیا جارہا ہے۔منی بجٹ کے خدوخال بیان کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سیمنٹ پر ڈیڑھ روپے فی کلو فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 2 روپےکردی گئی ہے۔منی بجٹ کے ذریعے جی ایس ٹی کی شرح کو 17 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کردیا گیا ہے۔منی بجٹ میں شادی کی پرتعیش تقریبات کے بلوں پر 10 فیصد ودہولڈنگ ایڈوانس انکم ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ بینظیر انکم ٹیکس سپورٹ کے پیسے 40 ارب روپے بڑھا کر 400 ارب روپے کردیے۔انہوں نے کہا کہ سیمینار، سیشن ،ورک شاپ اور نمائش پر بھی 10 فیصد ٹیکس نافذ ہو گا۔ اس کے علاوہ مارکی،ہوٹلز،ریسٹورنٹس،کمرشل لانز اورکمیونٹی پلیس پرہونے والی شادی کی تقریبات پر 10فیصد ٹیکس لاگو کیا جائے گا۔انہوں نے کہا وفاقی حکومت کو اس چیز کا احساس ہے کہ مہنگائی زیادہ ہے اس لیے ہم نے کوشش کی ہے کہ غریب عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے، اسی نتاظر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے وظیفے میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 40 ارب روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ پانچ سال پرانے ٹریکٹرز کی درآمد کی اجازت دے دی گئی ہے۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ محصولات کا 170 ارب موجودہ اور پچھلا ٹارگٹ پورا کیا جائے گا، کسانوں کے لیے 2000 ارب روپے کا پیکج دے چکے ہیں. جس میں سے 1000 ارب روپے تک تقسیم کیے جا چکے ہیں، کسانوں کو زرعی آلات پر سستے قرضے دیے جائیں گے اور کسانوں کو کھاد پر 30 ارب روپے دیے جا رہے ہیں جبکہ یوتھ لون کے لیے 30 ارب روپے رکھے گئے ہیں، 75 ہزار سولر ٹیوب ویل لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا ادویات، پیٹرولیم، اسپورٹس کی ایل سی کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، ابتدائی طور پر معاشی ترقی کی رفتار سست ہو گی مگر بعد میں یہ شرح 4 فیصد تک جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد مالیاتی ضمنی بل پر قوم کو اعتماد میں لیں گے، وزیراعظم اور کابینہ اپنے اخراجات کم کرنے کا پلان دے گی۔ان کا کہنا تھاکہ پچھلی سلیکٹڈ حکومت کی نا تجربے کاری کی غلطیوں کو سدھارنا ہے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے معاشی تنزلی کی وجوہات بنانے کیلئے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت نے معیشت کو چوبیسویں سے سینتالیسویں نمبر پر پہنچا دیا، پی ٹی آئی کے چار سالوں میں قرضوں میں ہوشربا اضافہ ہوا، عمران خان آئی ایم ایف سے کیے معاہدے سے مکر گئے۔ان کا کہنا تھا کہ ریاست کو سیاست پر فوقیت ہونی چاہیے، اتحادی جماعتوں نے ریاست بچانے کیلئے اپنی سیاست قربان کی۔