پشاور( مانند نیوز) ای پی آئی کوارڈنیٹر مردان ڈاکٹر امتیاز علی نے کہا ہے کہ باہمی رابطہ کاری اور سماجی رویوں میں تبدیلی مہارت کامیابی کے حصول کی اہم کنجی ہے جس کے تحت عوامی رائے کو مثبت سمت موڑنے میں مدد مل سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مردان میں یونیسف کے زیر اہتمام سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے باہمی رابطہ کاری اور سماجی رویوں میں تبدیلی کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہو ئے کیا، تربیتی ورکشاپ میں دس یونین کونسلوں کے سی ایم اوز ایل ایچ ایس نے شرکت کی،ورکشاپ سے ایس پی سی کنسلٹنٹس یونیسف حبیب الرحمان،محمد عمران سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے محمد عارف نے بھی خطاب کی،مقررین نے کہا کہ پاکستان میں صحت کے شعبے سے وابستہ پیشہ وارانہ افراد کو باہمی رابطہ کاری کی مہارت پر تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔ موثر رہنمائی اور رابطہ کاری کے ذریعے انفرادی سطح پر ابتدائی مرحلے سے لے کر عوامی رویوں میں تبدیلی تک کی منزل کو با آسانی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لہٰذا یہ بات طے شدہ ہے کہ ہمارے برتاو اورسلوک کا اظہار ہمیشہ ہمارے رویوں سے ہوتا ہے۔اگر ہم دوسروں سے اپنے سلوک کو بہتر کرناچاہتے ہیں تو ہمیں اپنے رویے پر کام کرنا اور اسے بہتر کرنا ہو گا۔ہر شخص کو اپنی شخصی بہتری اور ذاتی تاثیر میں اضافہ کیلئے اپنی سوچ اور رویے کو خوبصورت بنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔اس کیلئے برتاو اور حسن سلوک کی نشاندہی کرنے کا طریقہ سیکھنا اور مناسب طریقے سے اس کے مطابق اپنی ذہانت کو استعمال کرنا ضروری ہوتا ہے۔جب آدمی اپنے رویے کو بہتر بنا لیتا ہے تو اس کا کردار، حسن سلوک کے اوصاف سے بھر جاتا ہے۔انسانی رویوں کا زیادہ تر تعلق انسانی نظریات اور عقائد کے ساتھ ہوتا ہے اس لیے رویے انسان کے طرز عمل میں زیادہ مستحکم نہیں ہوتے بلکہ عقائد اور افکار وخیالات کے مطابق بدلتے رہتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ جب ہم اپنے عقائد اور نظریات کی بنیاد پر تعلقات بناتے اور انہیں سدھارتے ہیں تو ہماری شخصیت میں توازن پیدا ہوتا ہے اور عدم یکسانیت ختم ہو جاتی ہے اور ہم بہتر اخلاقیات کا مظاہرہ کرنیکی کوشش کرنے لگتے ہیں۔ہمارا دوسروں کے ساتھ رویہ اورسلوک بھی تبدیل ہو کر بہتر ہو جاتا ہے۔