اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ انتقام اورتصادم کی بجائے مفاہمت اور تعاون گزشتہ برس اپریل کے بعد نئی سیاست کی علامت ہے۔ عمران خان کی طرف سے اقتصادی بارودی سرنگیں بچھائی گئیں۔ ڈیفالٹ کی تمام پیش گوئیاں غلط ثابت ہوئیں۔معیشت کی بحالی کے لئے مخلصانہ کوششیں جاری ہیں۔ایندھن، خوراک کی سپلائی میں رکاوٹوں کے باوجود ملکی معیشت بہتری کی جانب رواں دواں ہے۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہبازشریف پی ڈی ایم حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ مخلوط حکومت کے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھائے ایک سال ہو گیا ہے۔ میرے نقطہ نظر کے مطابق یہ بڑے چیلنجز اور مشکلات کاسال رہا۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ غیر معمولی تھا،عدم اعتماداس لئے غیر معمولی نہیں تھی کہ پی ڈی ایم اقتدار میں آئی، عدم اعتماد اس لئے غیر معمولی تھی کہ سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کے فورم پر اکٹھاہوئیں۔ تقریباً تمام سیاسی جماعتوں نے آئینی طریقے سے غیر مقبول حکومت کے خلاف ووٹ دیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مشترکہ قومی مفاد کے لئے سب کا اکٹھا ہونا سیاسی ارتقاء پیشرفت کی نمائندگی کرتا ہے۔انتقام کے بجائے مفاہمت اور، تعاون گزشتہ برس اپریل کے بعد نئی سیاست کی علامت ہے۔انہوںنے کہا کہ مہنگائی نے پوری دنیا میں لوگوں کو متاثرکیا ہے۔ جیو اسٹریٹیجک دشمنیاں، ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور سیلاب مہنگائی کے اہم عوامل ہیں۔ایندھن، خوراک کی سپلائی میں رکاوٹوں کے باوجود ملکی معیشت بہتری کی جانب رواں دواں ہے۔ حکومت نے سماجی تحفظ کے جال کو بڑھایا، ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی۔ انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت پاکستان پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوئی، اس کے لئے وہ بہتری بین الوزارتی تعاون اور فوجی قیادت کی جانب سے سپورٹ فراہم کرنے پر ان کے شکر گزار ہیں۔ یہ ایک طویل سفر تھا لیکن مسلسل جاری کوششوں نے اسے ممکن بنایا۔