راولپنڈی(مانند نیوز ڈیسک)جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی قیمہ دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ رمضان اور قرآن، استحکام پاکستان کے ضامن اور آزادی کے محافظ ہیں،اللہ رب العالمین نے شب قدر میں قرآن کریم نازل فرمایا جو نوع انسانی کے لئے ہدایت اور دنیاوی و اخروی سعادت ہے، 27 رمضان المبارک کو مملکت خداد پاکستان کا وجود میں آنا لمحہ تشکر ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی قیمہ دردانہ صدیقی اور ناطقہ شمالی پنجاب ثمینہ احسان نے مشترکہ بیان میں کیا۔حلقہ خواتین کی رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوا اور نظریہ ہی اسکے استحکام کا ضامن ہے، 27 رمضان المبارک آزادی و تشکر کا یوم سعید ہے۔انہوں نے کہا کہ نزول قرآن اور لیلتہ القدر کی بابرکت ساعتوں میں پاکستان کا عالم وجود میں آنا اللہ تبارک وتعالی کا برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک عظیم تحفہ ہے۔پاکستان، ریاست مدینہ کے بعد دنیائے اسلام کا وہ ملک ہے جو نظریاتی حوالے سے وجود میں آیا۔اس کا نام پاکستان خود اس پر دلیل ہے جو رنگ نسل اور زبان و مکان کی قیود سے آزاد ہے۔جس نظریے کی برکت سے ہم نے پاکستان حاصل کیا اسی نظریے یعنی قرآن کریم کی اصولی ہدایات پر عمل کر کے اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کرتے ہوئے پاکستان میں اسلامی نظام نافذ العمل کر کے ہم پاکستان کو ایک اسلامی، خوشحال پاکستان بنا سکتے ہیں۔دردانہ صدیقی نے قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس مبارک شب اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے پاکستان کے تمام معاشی، معاشرتی، اخلاقی مسائل، قدرتی آفات و حادثات،بدامنی اور کشمیر سمیت امت مسلمہ بالخصوص فلسطین کے موجودہ حالات کے لئے اللہ رب العزت سے گڑ گڑا کر دعائیں مانگیں۔ ثمینہ احسان نے کہا کہ یوم تجدید عہد کا دن ہے ہم مسلمانان برصغیر کے قیام پاکستان کے وعدہ کو یاد رکھیں اور اس ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کریں تا کہ خوشحال پاکستان وجود میں آسکے۔