ہنگو (مانند نیوز) ڈیجیٹل مردم شماری کا کامیاب انعقاد مشران اور سیاسی جماعتوں کے تعاون کا عکاس ہے۔ سول انتظامیہ سیکورٹی فورسز اور محکمہ تعلیم نے پر امن اور بہترین انعقاد میں یکسوئی کے ساتھ کام کیا۔ یقین سے کہتا ہوں کہ ایک گھر بھی مردم شماری سے محروم نہیں رہا۔ اورکزئی کی تاریخ تعاون، ایثار اور وطن کیلئے قربانیوں سے عبارت ہے۔ 2017 کے مردم شماری پر جو تحفظات تھے اب دور ہو جائیں گئے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد طیب عبداللہ نے اورکزئی کے 18 اقوام قبائل کے گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایجنسی جرگہ ہال میں منعقدہ جرگے میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر جی جی جمال اورکزئی، سابق ڈپٹی کمشنر جے یو آئی کے رہنماء عطاء الرحمان، تحریک اصلاحات کے مرکزی وائس چئیرمین حافظ حبیب نور اورکزئی سمیت تمام قبائل اقوام کے سرکردہ مشران، عمائدین، بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کیں۔ جبکہ ڈی پی او اورکزئی نزیر خان تنولی، اے ڈی سی شہباز خٹک و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ گرینڈ جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر طیب عبد اللہ نے کہا کہ 2017 کی قومی مردم شماری پر قبائل کو تحفظات تھے اور اب 5 سال بعد جو مردم شماری ہوئی ہے وہ ہر لحاظ سے بہترین اور پرکشش انداز میں مکمل ہوئی جس کی بنیادی وجہ قبائل کا تعاون، ہر سیاسی جماعت کی دلچسپی اور مردم شماری کے سٹاف کی انتھک محنت تھی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جب ادارہ شماریات مردم شماری کا اعلان کریگا تو اورکزئی قبائل خوشی محسوس کریں گے کیونکہ میں اور میری انتظامیہ نے مانیٹرنگ کا بہترین انتظام متعارف کرایا اور مجھے یقین ہے کہ ایک بھی گھر مردم شماری کے اندراج سے محروم نہ رہا۔ ڈپٹی کمشنر اورکزئی طیب عبد اللہ نے ملک و قوم کیلئے اورکزئی قبائل کو قربانیاں دینے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ جرگہ سسٹم کے تحت قبائل اپنی روایات کو زندہ رکھے ہوئے ہیں اور یہی عمل قبائل کی ترقی کا باعث بن رہا ہے۔ انہوں نے قبائلی علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے پر افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ گرینڈ جرگے سے تحریک اصلاحات پارٹی کے وائس چئیرمین ملک حبیب نور اورکزئی، ملک حاجی قاسم گل اورکزئی، ملک عزت اورکزئی ودیگر مشران نے گرینڈ جرگے کے انعقاد پر اورکزئی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس بار جو مردم شماری ہوئی ہے اس میں تمام اقوام سیاسی جماعتوں، عوامی نمائندوں، علماء کرام، نوجوانوں اور ہر شخص نے دلچسپی لی یہی وجہ ہے کہ ہم مطمئین ہے اور امید کرتے ہیں کہ ہماری کھوئی ہوئی شناخت یعنی قومی اسمبلی کی سیٹ ہمیں واپس ملک جائے گی۔ مشران نے کہا کہ اورکزئی قبائل پورے پاکستان میں پھیلے ہوئے ہیں اگر ان تمام کو شامل کیا جائے تو ہماری آبادی 10 لاکھ سے بھی تجاوز کر سکتی ہے تاہم 2023 کی مردم شماری میں اورکزئی انتظامیہ اور مردم شماری کے عملے نے بھی بڑے موثر انداز میں کام کیا ہے اور وہ خراج تحسین کے مستحق ہے۔ڈی پی او اورکزئی نزیر خان تنولی نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اورکزئی قبائل کے درمیان جو ہم آہنگی اور تعاون کی فضا قائم ہے یہ اورکزئی کی سماجی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور اس جرگے کے توسط سے وہ مشران اور عمائدین سے استدعا کرتے ہیں کہ چاند رات کو ہوائی فائرنگ روکنے میں اپنا موئثر کردار ادا کریں۔ گرینڈ جرگے کے بعد ڈی سی طیب عبد اللہ نے ڈی سی آفس میں گرین ایریا کا بھی مشران کے ہمراہ افتتاح کر دیا۔