پشاور (مانند نیوز)نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریونیو پیر ہارون شاہ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا موسمیاتی تبدیلی سے ہونے والے اثرات کی ضد میں ہے جس سے نمٹنے میں عوامی و حکومتی سطح پر تعاون انتہائی ضروری ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز اپنے آفس میں میڈیا کو حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر موقف دیتے ہوئے کیا. مزید یہ کہ معاون خصوصی نے طورخم خیبر کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے. مزید تفصیلات بیان کرتے معاون خصوصی برائے ریونیو پیر ہارون شاہ نے کہا کہ گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران حالیہ بارشوں سے ملاکنڈ ڈویژن میں کہیں کہیں پانی نے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچایا ہے. جس کے نتیجے میں اپر دیر میں ایک بچے کی جان چلی گئی جبکہ اپر دیر میں ایک خاتون اور بچہ زخمی ہوئے. انہوں نے مزید کہا کہ سوات اور اپر دیر میں ایک ایک گھر مکمل طور پر پانی میں بہہ گئے۔ کالام روڈ پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی پیر ہارون شاہ نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے درال خوڑ میں پانی کی سطح اوپر آگئی. پانی کی سطح اوپر آنے سے بحرین بازار کے مقام پرآمدورفت نظام متاثر ہوا ہے. انہوں نے کہا کہ اپر دیر میں تین مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مواصلاتی نظام میں رکاوٹ سامنے آیا.صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی پیر ہارون شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے اپر دیر کے تینوں مقامات پر مواصلاتی نظام کی بحالی کا کام جاری ہے. بارش رکنے اور درال خوڑ میں پانی کی سطح نیچے آنے سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی بحرین میں روڈ بحالی کا کام شروع کرے گی. کوہستان میں قراقرم ہائی وے پر بھی سیلابی ریلے نے روڈ کو بلاک کئے رکھا. انہوں نے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے صوبائی حکومت متحرک ہے. اس وقت خیبرپختونخوا ماحولیاتی تبدیلی سے ہونے والی تبدیلی کی لپیٹ میں ہے. انہوں نے کہا کہ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ حکام حالات کو مانیٹر کر رہے ہیں. عوام اور سیاح سیلابی نالوں کی نزدیک جانے سے گریز کریں۔