پشاور(مانند نیوز )خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی پورے صوبے میں پانچ سال سے بغیر سروس سٹرکچر کے کام کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پورے صوبے کے ضلعی دفاتر نے قلم چھوڑ ہڑتال کا عندیہ دے دیا۔ خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی مارچ 2018 میں قائم ہوئی اور پانچ سال گزرنے کے باوجود سروس سٹرکچر تاحال نہ بن سکا۔ ضلعی دفاتر میں آپریشن ٹیمز دن رات ان تھک کام کرکے عوام کو صاف اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے میں مصروف ہیں جب کہ دوسری جانب اعلی حکام کی عدم دلچسپی اور عدم توجہی نے اتھارٹی کو انتظامی عدم استحکام اور مسائل کا شکار کر گیا ہے جس سے سٹاف میں بے یقینی اور بے چینی پھیل گئی ہے۔اس کے علاوہ سیاسی بنیادوں پر ٹرانسفر پوسٹنگ کی وجہ سے مخلص اور دیانت دار ملازمین کی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے۔ مزید برآں اتھارٹی کی فیلڈ ٹیمز کو ابھی تک کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی حالیہ دنوں میں لکی مروت میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر حملہ بھی ہوا۔ اسی وجہ سے پچھلے کئی مہینوں سے ضلع لکی مروت میں کام بند ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پورے خیبر پختونخواہ میں فیلڈ ٹیمز سخت عدم تحفظ کا شکار ہے۔