پشاو(مانند نیوز) انتظامیہ ایم ٹی آئی صوابی نے تینوں تدریسی ہسپتالوں میں عید تعطیلات کے دوران عوام کو دی جانے والی سہولیات پر مبنی رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ کے مطابق تحصیل ہسپتال ٹوپی، چھوٹالاہور اور باچاخان میڈیکل کمپلیکس میں عید کی تعطیلات میں مجموعی طور پر 6520مریضوں کو ایمرجنسی میں سہولت دی گئی۔ عید کی چھٹیوں میں باچاخان میڈیکل کمپلیکس میں 4535مریض لائے گئے، تحصیل ہسپتال چھوٹا لاہور میں 1076، تحصیل ہسپتال ٹوپی میں 909مریضوں نے ایمرجنسی سے رجوع کیا۔ ترجمان کے مطابق تینوں تدریسی ہسپتال میں سڑک حادثات اور دیگر وجوہات میں زخمی ہونے والے 218زخمیوں کا علاج کیا گیا۔عید تعطیلات کے دوران تینوں ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 153بچے پیداہوئے، بی کے ایم سی میں 122، چھوٹا لاہور میں 02،ٹوپی ہسپتال میں 29بچوں کی پیدائش ہوئی۔ اسی طرح ان ہسپتالوں میں 24گھنٹے لیبارٹری ٹیسٹوں کی سہولت کی فراہمی بھی جاری رہی۔ تینوں ہسپتالوں میں 5ہزار7سو سے زائد مختلف اقسام کے ٹیسٹ کئے گئے، اسی طرح مریضوں کو ایکسرے، سی ٹی اسکین، ای سی جی، لیبارٹری، آپریشن تھیٹراور آئی سی یو سروسز بھی بلاتعطل جاری رہی۔ہسپتال ترجمان کے مطابق عید کے دنوں میں ہسپتال میں صحت سہولت پروگرام کے تحت عوام کومفت علاج کی سہولت فراہم کی جاتی رہی مجموعی طور پر 250سے زائد مریضوں کو صحت سہولت پروگرام کے تحت ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔