طورخم (مانند نیوز)نگران وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریونیو پیر ہارون شاہ نے بدھ کے روز پاک افغان بارڈر ایریا طورخم کے نزدیک لینڈ سلائیڈنگ جائے حادثہ کا خصوصی دورہ کیا. جہاں معاون خصوصی کو اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل نے وقوعہ کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی. اس موقع پر تحصیلدار داؤد آفریدی اور زیب اللہ خان بھی موجود تھے.معاون خصوصی برائے ریونیو پیر ہارون شاہ نے اس موقع پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا یہ لینڈ سلائیڈنگ کا انتہائی افسوسناک واقعہ تھا جس میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے ساتھ مالی نقصان اٹھانا پڑا. ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اور دیگر متعلقہ حکام کی جانب سے بروقت امدادی سرگرمیاں جاری رکھنا انتہائی قابل ستائش ہے. انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جتنا جلدی ممکن ہو سکے جائے حادثہ کو کلئیر کردیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے. متعلقہ حکام نے معاون خصوصی برائے ریونیو پیر ہارون شاہ کو بریف کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر ریسکیو اور بحالی کی سرگرمیاں لینڈ سلائیڈنگ جائے حادثہ پر جاری ہیں. جبکہ لینڈ سلائیڈنگ ملبے سے تمام انسانی جانیں نکالی جا چکی ہیں اب صرف ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے.