خیبر (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے نگران وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حامد شاہ نے بدھ کے روز مرحوم وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی شکور کی مرقد پر حاضری دی ہے اور وہاں ان کی اعلیٰ درجات کے لیے فاتحہ خوانی کا فریضہ سر انجام دیا. مرحوم وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی شکور کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر حامد شاہ نے کہا کہ مفتی شکور نے سیاست کی میدان میں انتہائی محنت سے اپنا مقام حاصل کیا تھا جو گراونڈ لیول سے شروع ہو کر وفاقی وزیر کے عہدے پر فائز ہوئے. انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں مرحوم مفتی شکور جیسی شخصیات گنتی کے ہیں جو صحیح معنوں میں عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور اپنی فرائض منصبی سے کسی بھی غیر قانونی طریقے سے فائدہ نہیں اتھاتے. نگران صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حامد شاہ نے مرحوم مفتی شکور کی سیاسی خدمات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ مفتی شکور نے ہر دور میں آمر کے سامنے اپنی بات رکھی اور علاقائی سیاست کے ذریعے سماجی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ کوشاں رہے. انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں مرحوم مفتی شکور کی سیاست ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے.