پشاور (مانند نیوز) ڈائریکٹوریٹ جنرل انفارمیشن ملازمین کا ہڑتالی کیمپ چوتھے روز بھی فعال، ضم اضلاع میں 5 ایف ایم ریڈیوز کے بعد سوات اور کوہاٹ کے ایف ایم ریڈیو سٹیشنز بھی بند، سوشل میڈیا پر انفارمیشن ملازمین کے ہڑتال کے چرچے، مختلف پریس کلبوں سے تعلق رکھنے والے صحافی و میڈیا کارکنان کی پنڈال آمد، احتجاج کا پہلا مرحلہ چودہ دن تک جاری رہے گا، 14 دن بعد ہڑتال اگلے مرحلے میں داخل ہوگا، امپورٹڈ ڈی جی کے نوٹیفیکیشن کی معطلی تک صحافی و انفارمیشن ملازمین یک جان دو قالب ہیں : صدر انفارمیشن ویلفئیر ایسوسی ایشن ڈائریکٹوریٹ جنرل انفارمیشن ملازمین کا امپورٹڈ ڈی جی کی تعیناتی کیخلاف ہڑتالی کیمپ چوتھے روز بھی فعال رہا۔ صدر انفارمیشن ویلفیر ایسوسی ایشن کے مطابق ضم اضلاع میں 5 ایف ایم ریڈیوز کے بعد آج سے سوات اور کوہاٹ کے ایف ایم ریڈیو سٹیشنز بھی بند کردی گئیں۔ ہڑتال کیلئے ترتیب دی گئی پبلسٹی کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ انفارمیشن سوشل میڈیا پر انفارمیشن ملازمین کے ہڑتال کے چرچے ہیں۔ اب تک ٹوئیٹر پر #امپورٹڈ_ڈی_جی_انفارمیشن_نامنظور کے ہیش ٹیگ سے پندرہ ہزار سے زائد ٹوئٹس کی جاچکی ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد فیس بُک سٹیٹس اپڈیٹ کی گئی ہیں۔کوارڈی نیشن کمیٹی نے بتایا کہ اب تک ہڑتالی کیمپ میں دس سے زائد پریس کلبوں کے میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ ملاکنڈ یونین آف جرنلسٹس، چارسدہ پریس کلب اور چکدرہ پریس کلب احتجاج میں شریک ہوئیں۔ نوشہرہ پریس کلب کے صدر نے بھی ہڑتالی کیمپ میں خصوصی شرکت کی۔ تمام پریس کلب سے تعلق رکھنے والے میڈیا کارکنان نے انفارمیشن ڈائریکٹوریٹ جنرل سے ڈی جی کی تعیناتی کے اُصولی موقف کی تائید کی۔ صدر انفارمیشن ویلفیئر ایسوسی ایشن نے یہاں سے جاری بیان میں کہا ہے کہ امپورٹڈ ڈی جی کی تقرری کیخلاف احتجاج کا پہلا مرحلہ چودہ دن تک جاری رہے گا جبکہ 14 دن بعد ہڑتال اگلے مرحلے میں داخل ہوگا جس کی سٹریٹیجی ترتیب دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امپورٹڈ ڈی جی کے نوٹیفیکیشن کی معطلی تک صحافی و انفارمیشن ملازمین یک جان دو قالب ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کسی بھی مُذاکرات کیلئے صحافی برادری کے رہنماوں کو اعتماد میں لیا جائے گا اور وہ مُذاکراتی کمیٹی کا حصہ ہونگے۔