بریکوٹ(مانند نیوز) بریکوٹ انتظامیہ،ٹی ایم اے اور پولس نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے بریکوٹ بازار سے غیر قانونی تجاوزات کے خلا ف سخت آپریشن کیا گیا۔غیر قانونی ہتھ ریڑھیوں،کیبن،فٹ پاتھوں پر بنائے گئے سٹالز وغیر ہ کو مستقل بنیادوں پر ختم کردیا گیا۔بریکوٹ بازار میں کسی نے بھی دوبارہ اپنے حد سے تجاوز کیا تو اس کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔پیر کے روز اسسٹنٹ کمشنر بریکوٹ سیدمنور شاہ نے اخبار ات میں خبر شائع ہونے پر ایکشن لیتے ہوئے بریکوٹ بازار میں ٹی ایم اے بریکوٹ اور پولیس کے تعاون سے بریکوٹ بازار سے غیر قانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔اس موقع پر تحصیلد ار حبیب الرحمان،نائب تحصیلدار رحیم اللہ خان،ٹی ایم اے بریکوٹ انفورسمنٹ آفیسر نزیر خان،سنیٹیشن آفیسر ظفرعلی،ایس ایچ او تھانہ غالیگے ضیاء الرحمان کے علاوہ پولیس و سوات لیویز کا بھاری نفری موجودتھا۔اس آپریشن میں ٹی ایم اے نے بھاری مشینری کا استعمال بھی کیا۔سسٹنٹ کمشنر بریکوٹ سید منور شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جی ٹی روڈ اور پیر بابا روڈ پر حد سے زیادہ تجاوزات قائم تھے جس کی وجہ سے ٹریفک میں بری طر ح خلل پڑتا تھا اور خواتین تو دور کی بات مرد حضرات کے لئے پیدل چلنا بھی ناممکن ہوچکا ہے۔اب ہم نے جی ٹی روڈ اور پیر بابا روڈ پر مکمل طور پر تجاوزات کا خاتمہ کردیا اور انشاء اللہ بہت جلد مینا بازار میں بھی اسی طرح کا آپریشن کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ یہ آپریشن بلا امتیاز کیا گیا ہے ہمارے لئے سب برابر ہیں جو کہ قانونی کی خلاف ورزی کرے گا ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت سزادی جائے گی۔انہوں نے ٹی ایم اے اور پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ جہاں بھی کسی نے اپنے حد سے تجاوز کیا فوری طور پر ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔