پشاور (مانند نیوز)ینگ میڈیا ایسوسی ایشن (YMA)خیبر پختونخوا نے پشاور میں ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے دفتر پر حملے سمیت پشاور کے صحافیوں اورنجی چینلز عملے کو ہراساں کرنے اور نہتے شہریوں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ینگ میڈیا ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز آفسر المک افغان،صدرمحمد اظہر الدین اور سیکرٹری جنرل شبیر بونیری نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان کے ایک سیاسی جماعت کے ورکرز اور کچھ نامعلوم افراد نے نہ صرف دونوں اداروں کے نیوز رومز کو نقصان پہنچایا بلکہ عملے کو مارا پیٹا اور ہراساں کیا جو کہ ناپسندیدہ اور ناقابل قبول ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت ایک تاریخی عمارت ہے جو 1935 میں تعمیر ہوئی تھی۔جوکہ ایک تاریخی حیثیت رکھتی ہے۔ امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے دفاتر کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جانے چاہیے تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم پشاور میں ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے دفاتر کو پہنچنے والے نقصان سمیت نہتے بے گناہ شہریوں پر فائرنگ پر افسردہ اور پریشان ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور سمیت صوبے کے مختلف اضلاع میں صحافیوں، میڈیا پرسنز کیمرہ مین اور ڈی ایس این جی کے عملے پر ایک جماعت کے سیاسی کارکنان کیطرف سے حملے اور نقصان پہنچانا پریشان کن اور باعث تشویش ہے۔ینگ میڈیاایسوایسی ایشن کی قیادت نے امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کی وجہ سے پاکستان بھر کے میڈیا ہاؤسز کے لیے اور نجی اور پبلک سیکٹر میڈیا ہاؤسز کے صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کے لیے فوری سکیورٹی اور حفاظتی اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی زندگی اور تحفظ حکومت کی زمہ داری ہے،جاری کردہ:ینگ میڈیا ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا۔