وانا (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان اپر اشفاق خان کی خصوصی ہدایت پر ڈسٹرکٹ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ، محکمہ صحت اور سول انتظامیہ نے علاقہ کوٹ کئی میں ایچ آئی وی سے متعلق آگاہی سیمینار / فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر سردار علی وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ ڈاکٹر ہمایون محسود اور ان کی ٹیم نے 150 کے قریب مریضوں کا معائنہ کیا جن میں بچے، بزرگ، خواتین اور نوجوان شامل تھے جبکہ انہیں سترہ بیماریوں کی مختلف قسم کے ادویات مفت فراہم کی گئیں۔ یوتھ آفیسر سردار علی نے ایچ آئی وی کی آگاہی مہم کے دوران مقامی لوگوں کو ایچ آئی وی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر بتائیں اور کہا کہ آنے والے دنوں میں جنوبی وزیرستان اپر میں ایچ آئی وی کی سکریننگ کی جائے گی تاکہ لوگوں کو اس خطرناک مرض سے محفوظ بنایا جاسکے۔ تاہم بعدازاں لیفٹیننٹ کرنل فاروق اعظم نے بھی کیمپ کا دورہ کیا اور انہوں نے محکمہ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ سمیت محکمہ صحت اور انتظامیہ کی کارکردگی کو خوب سراہتے ہوئے کہا کہ وزیرستان کے باسیوں کے لئے گراؤنڈ پر کام کرنے والے ہر اس شخص اور محکمہ کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے تاکہ وہ مستقبل میں بھی مقامی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے صف اول کا کردار ادا کر سکیں۔ کیمپ میں موجود علاقہ مکین اورقبائلی عمائدین نے یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ سمیت محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت فری میڈیکل کیمپ سمیت ایچ آئی وی آگاہی مہم کو تیز کیا جائے تاکہ نئی آنے والی نسل اس بیماریوں سے محفوظ ہوسکے۔