پشاور(مانند نیوز )سائبان ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن مردان کے صدر محمد عارف نے کہا ہے کہ برطانیہ میں حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ دس لاکھ سگریٹ نوشوں کو مفت ویپ (ویپنگ ڈیوائس) دے گی تاکہ تمباکو مصنوعات کے استعمال سے بچاؤ میں ان کی مدد کی جاسکے۔ اس مہم کے تحت حاملہ خواتین کو 400 پاؤنڈ دیے جائیں گے تاکہ تمباکونوشی کی روک تھام ممکن ہو سکے۔یہ تمباکونوشی سے پاک مستقبل کے حوالے سے بہت بڑا اقدام ہے۔ مگر یہاں اس بات کا ذکر کرنا ضروری ہے کہ برطانیہ، تمباکو کی متبادل کم نقصان دہ مصنوعات کی افادیت کے حوالے سے سالوں کی تحقیق کے بعد اس مقام تک پہنچا ہے۔ بد قسمتی سے پاکستان میں تمباکونوشی کے پھیلاؤ میں کمی لانے کیلیے متبادل مصنوعات کے استعمال بارے نہیں سوچا گیا۔ بدقسمتی سے، ٹوبیکو کنٹرول پر کام کرنے والے ادارے ان متبادل مصنوعات پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں حالاں کہ یہ ان تمباکونوشوں کی صحت کیلیے بہتر ہیں جو تمباکونوشی ترک کرنے سے قاصر ہیں۔ یہ مناسب وقت ہے کہ پاکستان ٹوبیکو کنٹرول پر برطانیہ کی تحقیق سے فائدہ اٹھائے۔ پاکستان میں تمباکونوشی ترک کرنے کیلیے سگریٹ نوشوں کی مدد کی اشد ضرورت ہے۔ اگر تمباکو کی متبادل کم نقصان دہ مصنوعات کیلیے قانون سازی کی جائے تو ان کا مناسب استعمال تمباکونوشوں کی مدد کرسکتا ہے۔