سیالکوٹ(مانند نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہفوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کیساتھ ملک دشمنوں جیسا سلوک ہوگا،ہم کسی کے بھی بنیادی حقوق نہیں چھین رہے، قانون کا استعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں ہوگا۔نئی فوجی عدالتیں نہیں بنائی جا رہیں، پہلے سے قانون اور عدالتیں موجود ہیں انہیں میں مقدمات چلائے جائیں گے۔افواج پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں سیالکوٹ میں ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا نے افواج پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے ریلی کے ہمراہ چونڈہ میں یادگار شہدا پر حاضری دی۔ خواجہ آصف نے چونڈہ میں شہدا کی قبروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ ریلی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ ہم کسی کے بھی بنیادی حقوق نہیں چھین رہے اور نہ سیاسی مقاصد کے لیے قانون کا استعمال ہوگا، جن شر پسندوں کی فوجی املاک پر حملوں کی ویڈیوز ہیں ان پر مقدمات چلیں گے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایک سیاسی رہنما اور لیڈر افواج کو ٹارگٹ کر رہے ہیں، افواج کو ٹارگٹ کرنے میں وہ بیرونی افراد کو بھی شامل کر رہے ہیں، فوجی جوان وطن عزیز کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو پاکستان کے وجود پہ حملہ کیا گیا تھا، ایک شخص نے صرف اپنے اقتدار کے لیے یہ حملہ کیا، جی ایچ کیو پر حملہ بھارت کے مقاصد میں شامل ہے، ایئربیس پر حملہ دشمن کرتا ہے کوئی محب وطن قومی اثاثوں پر حملہ نہیں کرسکتا، جب ایک ٹولہ مقدس یادگاروں پر حملہ کرے تو شہدا کے خاندانوں پر کیا گزر رہی ہوگی۔میں کسی کی حب الوطنی پر شک نہیں کرتا لیکن 9 مئی کو آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کی نیت اور ان کے اس مٹی سے رشتے پر سوالیہ نشان نظر آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیاں ہماری تاریخ کا تابناک حصہ ہیں، پاکستانی قوم پاک افواج سے محبت کرتی ہے، یہ وقت ہے کہ ساری قوم متحد ہو کر افواج پاکستان کا اظہار تشکر کرے اور اس رشتے کو مضبوط بنائے۔ وزیر د فاع نے کہا کہ سیاستدانوں کے پاس اقتدار آتا جاتا رہتا ہے لیکن ہم نے کبھی افواج پاکستان کے ساتھ اپنے رشتے پر سوالیہ نشان نہیں بنایا۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق بنیادی حقوق کی حفاظت کی جا رہی ہے، حملے میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، قانون کااستعمال سیاسی مقاصد کیلئے نہیں ہوگا، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے گا جو قانون کے مطابق پاکستان کے دشمنوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔