کراچی(مانند نیوز ڈیسک)آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہاہے کہ کچے میں آپریشن کے دوران ہمیں فضائی سپورٹ حاصل نہیں،جس کے باعث ڈاکوؤں کیخلاف مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ کچے کا مسئلہ بہت پراناہے تاہم پولیس کی حکمت عملی سے یہ مسئلہ صرف 4ڈسٹرکٹ تک محدود ہے۔ پولیس کے پلان کے نتیجے میں ہنی ٹیپ کا خاتمہ کیا گیا۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کچے کے ملزمان اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں، گڈو اور سکھر بیراج کے درمیان یہ ایشو ہے، گھوٹکی،سکھر،کمشور کا کافی حصہ محفوظ ہے۔ ڈاکو دریا کیساتھ موجود چھوٹے چھوٹے آئی لینڈ کو استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے275کرمنلزکے سر کی قیمت مقرر کی،20کے قریب لوگ سرینڈر کرچکے ہیں۔ سرینڈر کرنے والوں کیساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی۔ غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ اسلحے سے فرق نہیں پڑتا اگر کریمنلز کے پاس جدید ہتھیار ہیں توہم بھی جدید ہتھیار خریدیں گے۔