پشاور(مانند نیوز ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف ایچ آر مردان لبنیٰ شاہ زمان نے کہا ہے کہ طوفانی بارشوں اور قدرتی آفات سے بچاؤ تو دور جدید کی ترقی یافتہ دنیا میں بھی ممکن نہیں، خطے کے کئی ممالک طوفانی بارشوں اور سیلاب کی زد میں آجاتے ہیں اور وہاں بھی بڑے پیمانے پر نقصانات ہوتے ہیں، البتہ اتنا ضرور ہے کہ بہتر منصوبہ بندی، احساس ذمہ داری اور بروقت اقدامات سے نقصان کی شدت کو از حد کم کیا جاسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ سوشل ویلفئیر مردان،ریسکیو1122، سول ڈیفنس اور سول سائٹی کے زیر اہتمام ڈینگی اور مون سون بارشوں /سیلاب کے حوالے سے آگاہی واک سے خطاب کرتے ہو ئے کیا،واک میں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئیر آفیسر مردان جمال شاہ مہمند،اسد خان،سول ڈیفنس کے ڈسٹرکٹ انچارج شوکت،ریسکیو1122 کے عنایت خان،سائبان ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے محمد عارف، ضلعی مصالحتی کمیٹی کے خاتون ممبر وسوشل ورکر نصرت آرا،بہتر زندگی ویلفئیر آرگنائزیشن کے محمد ندیم نے بھی شرکت کی،انہوں نے کہا کہ جب بھی بارشوں کا موسم آتا ہے تو مختلف بیماریاں سر اٹھا لیتی ہیں، مون سون اپنے ساتھ بہت سی ایسی وبائی بیماریاں لاتا ہے جنہیں بہت سے لوگ جانتے تو ہیں لیکن ان سے بچاؤ کے لیے مختلف تدابیر کے بارے میں انہیں علم نہیں ہوتا،اسی وجہ سے بہت سی بیماریوں کی تشخیص میں تاخیر ہونے کی وجہ سے ان کی صحت پر بہت برا اثر پڑتا ہے. اس لئے یہ ضروری ہے کہ ہر ایک کو مون سوں میں پیدا ہونے والی بیماریوں سے آگاہی ہو تاکہ ا حتیاتی تدابیر اپنا پر ان بیماریوں سے بچا جاسکے۔