واشنگٹن(مانند نیوزڈیسک) امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بہن فوزیہ صدیقی کی جیل میں 20 سال بعد ملاقات ہوئی۔
جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ملاقات کر دی گئی اور کل ڈاکٹرعافیہ سے میری، ڈاکٹرفوزیہ اور وکیل کلائیو اسٹافورڈاسمتھ سمیت جیل میں ملاقات ہو گی۔
سینیٹر مشتاق احمد خان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے فوزیہ صدیقی کی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں بہنوں کے درمیان 20 سال بعد امریکی جیل میں ملاقات ہوئی جو ڈھائی گھنٹے تک جاری رہی۔
ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو اپنی بہن عافیہ صدیقی سے گلے ملنے اور ہاتھ ملانے کی اجازت نہیں تھی جبکہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو یہ بھی اجازت نہیں دی گئی کہ وہ عافیہ صدیقی کو ان کے بچوں کی تصاویر دکھا سکیں۔
ملاقات جیل کے ایک کمرے میں ہوئی جس کے درمیان میں موٹا شیشہ لگا ہوا تھا جس کے آرپار سے دونوں بہنوں کی ملاقات کرائی گئی۔ عافیہ صدیقی نے سفید رنگ کا اسکارف اور جیل کا خاکی لباس پہنا ہوا تھا۔