بنوں (مانند نیوز)اے ایس ڈی او رضوانہ شاہین قتل ظلم کی انتہا ہے، ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔نگران صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حامد شاہ خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حامد شاہ نے بنوں سے تعلق رکھنے والی محکمہ تعلیم کی خاتون اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے بہیمانہ قتل میں ملوث ملزم کی گرفتاری پر پولیس حکام کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔اتوار کو اپنے آفس سے بیان جاری کرتے نگران صوبائی وزیر حامد شاہ نے کہا کہ لنڈی کوتل میں پیش آنے والے اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے قتل کا دردناک واقعہ انتہائی قابل مذمت و افسوس ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر کے ساتھ رابطے میں رہے تاکہ ملوث کردار تک بروقت رسائی ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے انتہائی مہارت سے قانونی کارروائی کی ہے جس کی بنیاد پر امید ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے اور ملوث کردار کو قرار واقعی سزا ملے گی،غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کرتے ہیں۔نگران صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ حامد شاہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جہاں کہیں بھی ظلم اور بے انصافی کا واقعہ ہوگا وہاں حکومت اپنی رٹ قائم کرنے اور ملوث افراد کے خلاف بروقت قانونی کارروائی کرے گی،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کو تمام تر سہولیات فراہم کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت میں مزید بہتری لائی جا سکے۔