ملاکنڈ (مانند نیوز)صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز فورس شہاب محمد خان کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنربٹ خیلہ شکیل احمد خان نے منگل کے روز لیویز پوسٹ پل چوکی میں علاقے کے لوگوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کا بروقت ازالہ کرنے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ایڈ یشنل اسسٹنٹ کمشنر اور تمام محکموں کے ضلعی سربراہوں،نمائندگان اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر عمائدین آلہ ڈھنڈ، تھانہ،اماندرہ اور اس کے ساتھ ملحقہ دیہاتوں میں بسنے والے لوگوں کے مسائل و مشکلات کا تفصیلی ذکر کیا،جن میں زیادہ تر مسائل،بجلی کے ناروا اور ظالمامہ لوڈشیڈنگ،امن وامان،پینے کے لیے صاف پانی کی فراہمی،منشیات فروشی،صحت،تعلیم اور حلال فوڈسے متعلق تھے جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے بعض مسائل کوموقع پر حل کرنے کے لیے متعلقہ محکمہ کے ذمہ دار افسر کو ہدایت کی۔اسسٹنٹ کمشنر نے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریو ں کا بنیادی مقصد دور افتادہ علاقوں میں بسنے والے لوگوں کے مسائل اور مشکلات کو من وعن حل کرنے کے لیے متعلقہ فورم سے رابطہ کیا جائے گا۔منشیات کے بارے میں اسسٹنٹ کمشنر نے کہاکہ منشیات معاشرتی ناسور ہے جس کے خلاف ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ کی نگرانی میں ضلع بھر میں گرینڈآپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ علاقے کے عوام نے مل کرمشنری جذبے کے ساتھ اپنا کردار اد اکرنا ہوگا۔انہوں نے محکمہ آبنوشی کے ذمہ دار اہلکاروں کو ہدایت کی کہ لوگوں کو پینے کے لیے صاف و شفاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور جہاں کہیں بھی رکاوٹ ہو یا بوسیدہ پائپ کو تبدیل کرنا ہوتو تبدیل کریں۔اسسٹنٹ کمشنر نے پیسکو حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اور عملی اقدامات اُٹھائیں۔اس موقع پر انہوں نے حلال فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں سے کہا کہ لوگوں کو بے جا تنگ کرنے سے گریز کریں اور فرائض منصبی نہایت ایمانداری کے ساتھ انجام دیں۔