جمرود(نمائندہ مانند )وادی تیراہ کوکی خیل متاثرین کی باعزت واپسی،شفاف سروے یقینی بنائی جائے،وادی تیراہ میں قدرتی جنگلات کی بے دریغ غیر قانونی کٹائی فوری بند اور ملوث لوگوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔بلدیاتی نمائندوں،جمرود تحصیل کونسل میں اپوزیشن جماعتوں کے ممبران کا اجلاس میں مطالبہ۔ضلع خیبرتحصیل جمرود کونسل اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوا جسمیں پاکستان تحریک انصاف جمرود کے چیئرمینان شمشیر خان،محمد عرفان،محمد صاحب،جمعیت علماء اسلام جمرود کے مولاناسعید حقانی،مولانا عبد القدیر اور متحدہ آزاد پینل کے صدر شاہد خان آفریدی،حاجی شاہد زمان،حاجی میاں جان، حسین زادہ،حاجی حبیب الرحمن کسان کونسلر محمد اسماعیل نے شرکت کی۔اجلاس میں جمرود تحصیل چیئرمین سے مطالبہ کیا گیا کہ تحصیل کونسل کا اجلاس فوری بولایا جائے تاکہ جمرود کے عوام اور کوکی خیل قوم کے دیرینہ مسائل جسمیں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ،وادی تیراہ فیز 2 میں کوکی خیل متاثرین کی باعزت واپسی،شفاف سروے،وادی تیراہ میں قدرتی جنگلات کی غیر قانونی جنگلات کی بیدریغ کٹائی پر بحث اور متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے اور اس کے بعد بھرپور احتجاج کے لئے لائحہ عمل تیار کیا جائے۔اجلاس میں اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا کہ تحصیل کونسل کا اجلاس 15 مہینوں میں صرف ایک بار ہوا ہے جو تحصیل چیئرمین کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔اجلاس میں تحصیل کونسل کی کور کمیٹی اور دیگر کمیٹیاں بنانے پر بھی زور دیا گیا اور تحصیل چیئرمین سے کمیٹیاں بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔اجلاس میں ٹی ایم اے جمرود کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھائے گئے،کہ ٹی ایم اے جمرود کی کارکردگی صفر ہے،ٹی ایم اے جمرود نے 2018ء سے جمرود میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا ہے،بازار کی ابتر صورتحال ہے،صفائی کا نظام خراب،فروٹ سبزی منڈی،ٹیکسی سٹینڈز کی بحالی میں ناکام ہے،سٹریٹ لائٹس خراب ہیں،جبکہ ٹی ایم اے افسران اور اہلکار کرپشن میں ملوث ہیں جنہوں نے غیر قانونی دستاویزات پر مافیاز کو این او سیز جاری کئے ہیں اور غیر قانونی پلازوں کی تعمیر جاری ہے اجلاس میں صوبائی حکومت کے خلاف اور اپنے حقوق کے حق میں کل کے صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاج میں بھر پور شرکت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اپوزیشن جماعتوں،تحصیل کونسل ممبران کا اجلاس آئندہ بدھ کے دن صبح 9 بجے جمرود پریس کلب میں بولایا گیا ہے۔